حیدرآباد سے میرپور خاص اور دیگر علاقوں میں جانے والی AC کوچز اور دیگر مسافر گاڑیاںمن مانا کرایہ وصول کر رہی ہیں،جے یوآئی (س)

ہفتہ 23 اکتوبر 2021 23:11

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2021ء) جمعیت علما اسلام (س)ضلع حیدرآباد نے کہا ہے کہ حیدرآباد سے میرپور خاص اور دیگر علاقوں میں جانے والی AC کوچز اور دیگر مسافر گاڑیاں مسافروں سے من مانا کرایہ وصول کر رہی ہیں، ڈیزل کی قیمت میں 12 روپے اضافے کو جواز بنا کر 30 فیصد سے زائد کرایہ بڑھا کر وصول کیا جانے لگا ہے جس سے دوسرے شہروں میں روزگار کیلئے سفر کرنے والے متوسط طبقے کے لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں، اپنے مشترکہ بیان جے یو آئی ضلع حیدرآباد کے جنرل سیکریٹری حافظ ارمان احمد چوہان، قاری ابراہیم قریشی، مولانا اشرف بنوری، قاری عتیق الرحمن، محمد علی شیخ، حافظ عبدالوحید مغل، سید ساجد علی اور قاری ضیا الرحمن صابر قریشی نے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی ودیگر متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹرز کے من مانے کرائے بڑھانے کا نوٹس لیا جائے اور سرکاری کرایہ لسٹ ہر مسافر گاڑی میں لازمی آویزاں کرنے کا حکم دیا جائے کلو میٹر کے حساب سے کرایہ نامہ جاری کیا جائے اور زائد کرایہ لینے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے۔

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں