ملک بھر میں ووٹ کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے ووٹرز کا قومی دن منایا گیا

ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر حیدرآباد کی جانب سے سیمینار کا انعقاد

منگل 7 دسمبر 2021 23:48

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 دسمبر2021ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ملک بھر میں ووٹ کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے ووٹرز کا قومی دن منایا گیا ہے،اس ضمن میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر حیدرآباد کی جانب سے ووٹرڈے کی مناسبت سے ایک سیمینار گورنمنٹ نور محمد ہائی اسکول حیدرآباد کے مرکزی ہال میں منعقد کیاگیا ،سیمینارسے خطاب کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرحیدرآباد محمد یوسف مجیدانو نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کا یہ عزم ہے کہ انتخابی عمل سے متعلق عوام کو تفصیلی آگاہی دی جائے اور ان کی حوصلہ افزائی کی جائے تاکہ وہ اپنے ووٹ کا درست استعمال کرنے کے ساتھ ساتھ انتخابی عمل میں حصہ لیں ، انہوں نے کہا کہ عوام کو آگاہی دینے کیلئے تمام اضلاع میں ووٹرز ایجوکیشن کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ہیں جبکہ اس حوالے سے آگاہی سمینار اور ریلیاں بھی نکالی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنا ووٹ رجسٹر ڈ کروائیں اور انتخابات کے دوران اپنا ووٹ کاسٹ کرکے جمہوری عمل کا حصہ بنیں، انہوں نے کہا اگر لوگوں میں ووٹ کی اہمیت سے متعلق آگاہی ہوگی تو وہ اپنا صحیح نمائندہ منتخب کرکے ایوانوں تک بھیج سکیں گے جو عوام کے حقوق و ترقیاتی کاموں کے ضامن ہوں گے، انہوں نے کہا کہ جو لوگ انتخابات میں ووٹ کاسٹ نہیں کرتے وہ بڑی غلطی پر ہیں، انہوں نے کہا کہ اس روش کو ختم کرنا ہوگا کیونکہ ہمارے معاشرے کی تشکیل کا انحصار انتخابی عمل پر ہے، انہوں نے کہا کہ ووٹر کی اہمیت اور اس میں ووٹ دینے سے متعلق شعور بیدار کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ ووٹ کو درست طریقے اورلازمی سمجھ کر اپنے ووٹ کا اندراج کروایا جائے اور اپنے حقیقی نمائندوں کو منتخب کرکے ایوانوں میں بھیجیں گے تو ان کے علاقوں کی ترقی ہونے کے ساتھ ساتھ جمہوریت کو بھی فروغ ملے گا ، انہوں مزید کہا کہ ووٹر میں شعور بیدار کرنے اور الیکشن کے دوران ٹرن آئوٹ بڑھانے سمیت ووٹ کی اہمیت سے متعلق لوگوں میں شعور بیدار کرنا انتہائی ضروری ہے ، اس موقع پر سیمینار سے ایڈیشنل ڈائریکٹرکالجز حیدرآباد پرفیسر شہاب الدین صدیقی ، ایڈیشنل ریجنل ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر حیدرآباد محبوب الزماں ، الیکشن آفیسر حیدرآباد عبدالحفیظ جھیجو کے علاوہ دیگر نے بھی خطاب کیا، سیمینار میں مختلف سرکاری محکموں کے افسران، ووٹرز ایجوکیشن کمیٹی کے ممبران ، غیر سرکاری تنظیموں کے نمائندوں ، سیاسی ، سماجی شخصیات کے علاوہ شہریوں اور طالبعلموں کی بڑی تعداد نے شرکت کی

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں