ایچ ڈی اے نے غیرقانونی اور نادہندہ ہائوسنگ اسکیموں کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کردیا

جمعہ 24 جون 2022 21:20

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جون2022ء) حیدر آباد دویلپمنٹ اتھارٹی (ایچ ڈی اے )نے غیر قانونی اور نادہندہ ہائوسنگ اسکیموں کے خلاف گرینڈ آپریشن کا آغاز کردیا، مختلف تعلقوں کے لئے ٹیموں کی تشکیل، سربراہی ڈائریکٹر پی اینڈ ڈی سی کریں گے۔ ایچ ڈی اے کے میڈیا سیل کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق شہر میں نام نہاد بلڈرز کی جانب سے غیرقانونی اسکیموں کے نام پر عوام الناس سے لوٹ مار کے تسلسل کے ساتھ ہونے والے واقعات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ایچ ڈی اے نے ایسے جعلساز بلڈرز اور ان کی غیر قانونی اسکیموں کے خلاف گرینڈ آپریشن شروع کردیا ہے، اس مقصد کے لئے تعلقہ سٹی، لطیف آباد، قاسم آباد اور تعلقہ دیہی میں کاروائیوں کے غرض سے ٹیموں کی تشکیل کی گئی ہے جن کی سربراہی ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کنٹرول منیر احمد سومروخود کریں گے۔

(جاری ہے)

اعلامیے کے مطابق ایچ ڈی کے علم میں آیا ہے کہ حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں 72 غیر قانونی ہائوسنگ اسکیموں کے اسپانسرز / بلڈرز نے شہر کے مختلف علاقوں میں خوبصورت دفاتر قائم کرکے پلاٹوں کی بکنگ اور خرید و فروخ ت کا کام جاری رکھا ہوا ہے، اس مذموم مقصد کے لئے وسیع پیمانے پر اسکیموں کی تشہیر بھی کی جارہی ہے، جو کہ غیرقانونی عمل ہے۔ ایچ ڈی اے نے صورتحال کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ان اسکیموں کے خلاف قانونی کاروائی کا آغاز کیا ہے۔

اعلامیے میں عوام الناس کو ان کے اپنے مفاد میں مشورہ دیا گیا ہےکہ وہ مذکورہ اسکیموں میں سرمایہ کاری سے گریز کریں، ان اسکیموں کے علاوہ کسی دوسری اسکیم میں بھی پلاٹس کی بکنگ سے قبل پی اینڈ ڈی سی آفس سوک سینٹر حیدرآباد سے رجوع کیا جائے یا فون نمبر 9201405- 022 پر رابطہ کرکے اسکیم کی قانونی حیثیت کی ضرور پڑتال کی جائے۔ اعلامیے میں ایسی غیرقانونی اسکیموں کے اسپانرسز/ ڈیولپرز کو بھی متنبہ کیا گیاہے کہ متعلقہ ادارے کی منظوری کے بغیر کسی بھی اسکیم کی تشہیر یا پلاٹوں کی بکنگ غیر قانونی اقدام ہے اور اس میں ملوث افراد کے خلاف سندھ ایچ ڈی اے ایکٹ 1976ع کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

حیدرآباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں