پوٹھوہار میں زیتون کے باغات کے مکمل سروے کیلئے ٹاسک سونپ دیا گیا ،سیکرٹری زراعت پنجاب

پیر 29 جنوری 2024 13:40

پوٹھوہار  میں زیتون کے باغات کے مکمل سروے کیلئے ٹاسک سونپ دیا گیا ،سیکرٹری زراعت پنجاب
اسلام آ باد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جنوری2024ء) سیکرٹری زراعت پنجاب نادر چٹھہ نے کہا ہے کہ پوٹھوہار ریجن میں زیتون کے باغات کا مکمل سروے کرنے کیلئے متعلقہ فارمیشنز کو ٹاسک سونپ دیا گیا ہے، خطہ پوٹھوہار کو حقیقی معنوں میں زیتون ویلی میں تبدیل کرنے کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جار ہے ہیں ،خطہ پوٹھوہار میں مزید5ہزار ایکڑ رقبہ پر زیتون کی کاشت کے لئے پلان مرتب کیا جا رہا ہے، زیتون کے تیل کی کشیدگی کے لئے10جدیدایکسٹریکشن پلانٹس فراہم کرنے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔

ان خیالات کا اظہار سیکرٹری زراعت پنجاب نادرچٹھہ نے زیتون کے زیر کاشت رقبہ اورپیداوار میں اضافہ سے متعلق منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری زراعت نےکہا کہ آئل ایکسٹریکشن پلانٹس کی300کلو گرام فی گھنٹہ کے حساب سے تیل کشید کرنے کی صلاحیت ہوگی اور جدیدآئل ایکسٹریکشن پلانٹس کے استعمال سے اعلیٰ کوالٹی اور بین الاقوامی معیار کے مطابق تیل حاصل ہو سکے گا۔

(جاری ہے)

جدیدایکسٹریکشن پلانٹس کی درآمد سے پوٹھوہار آئل ڈویلپمنٹ زون کے کاشتکار بھرپور استفادہ حاصل کر سکیں گے۔ اجلاس میں سیکرٹری زراعت پنجاب نادر چٹھہ نے پوٹھوہار ریجن میں زیتون کے باغات کا مکمل سروے کرنے کیلئے متعلقہ فارمیشنز کو ٹاسک سونپ دیا ۔ اس موقع پر سیکرٹری زراعت پنجاب کو بریف کرتے ہوئے بتایا گیا کہ فیلڈ میں موجود زیتون کے کل پودوں کا مکمل سروے کیا جارہا ہے۔سروے کے نتیجے میں پودوں کی اوسط عمر اور فی پودا اوسط پیداوار بارے معلومات حاصل ہو سکیں گی اور باغبانوں کو زیتون کے صحت مند اور اچھے سائز کے پودے فراہم کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں