یونائیٹڈ بزنس گروپ کی فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نومنتخب صدر میاں انجم نثار کو مکمل تعاون کی پیشکش

بدھ 22 جنوری 2020 12:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2020ء) ملک بھر کے تاجروں کی بااثر تنظیم یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) نے عظیم تر قومی مفاد میں اپنے تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے، فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے امور چلانے کے لئے نومنتخب صدر میاں انجم نثار کو مکمل تعاون اور حمایت کی پیشکش کی ہے تاکہ اس پلیٹ فارم کو کاروباری برادری کو درپیش مسائل کے حل اور بزنس کمیونٹی کی بہتری اور آسانیوں کیلئے استعمال کیا جا سکے۔

یو بی جی کے مرکزی چیئرمین افتخار علی ملک نے بدھ کو لاہور میں ایف پی سی سی آئی کے صدر میاں انجم نثار سے ملاقات کی اور انہیں فیڈریشن کے سالانہ انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر یو بی جی کے جنرل سکریٹری حمید اختر چڈھا بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ بزنس مین پینل (بی ایم پی) کے جنرل سیکرٹری سینیٹر غلام علی، چیئرمین بی ایم پی پنجاب خواجہ شاہ زیب اکرم اور بی ایم پی کے سینئر رہنما اور ایف پی سی سی آئی کے سابق نائب صدر شیخ محمد اسلم بھی اس موقع پر موجود تھے۔

افتخار علی ملک نے میاں انجم نثار کے وژن کی تعریف کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ یو بی جی کی پوری ٹیم عظیم تر قومی مفاد میں کاروباری برادری کو درپیش حقیقی مسائل کے حل کے لئے ایف پی سی سی آئی کی حکمران جماعت کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ فیڈریشن کے صدر کی تمام پالیسیاں ملکی معیشت کی بحالی پر مرکوز ہونی چاہئیں تاکہ پاکستان کو غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے پرکشش مقام بنایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کی متحرک قیادت میں موجودہ حکومت ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے بھرپور صلاحیت اور پختہ عزم رکھتی ہے۔ اس حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کی نیت اور خلوص پر کوئی دو رائے نہیں ہو سکتی، یہی وجہ ہے کہ ملک بھر کی تاجر برادری کو عمران کی قائدانہ صلاحیتوں پر مکمل اعتماد ہے۔ انہوں نے زراعت اور سمندری شعبوں سے متعلق بزنس کمیونٹی کی طرف سے پیش کی جانے والی شکایات پر فوری کارروائی کرنے پر پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کو سراہا۔

انجم نثار نے بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کیلئے افتخار علی ملک کی انتھک کوششوں کو سراہتے ہوئے انہیں یقین دہانی کرائی کہ بی ایم پی معیشت کی بحالی اور ملکی خوشحالی کے مشن میں یو بی جی کے تمام ممبران کو ساتھ لے کر چلے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں