اوپن یونیورسٹی نے بشکیک میں’’پاکستان۔کرغستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈسٹنس ایجوکیشن‘‘ کے نام سے ’’فاصلاتی نظام تعلیم‘‘ کا انسٹی ٹیوٹ قائم کردیا

پیر 20 مئی 2019 23:29

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2019ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے ایک مفاہمت کی یاداشت (ایم او یو) کے تحت جمہوریہ کرغستان کے دارالحکومت بشکیک میں واقع کرغستان انٹرنیشنل یونیورسٹی (کے آئی یو) میں ’’فاصلاتی نظام تعلیم‘‘ کا انسٹی ٹیوٹ قائم کرکے ’’پاکستان۔کرغستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈسٹنس ایجوکیشن‘‘ کے نام سے متعارف کردیا ہے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کے آئی یو کے ہم منصب کے ساتھ پیر کو اُن کے دفتر میں ملاقات کی۔ اس ملاقات میں دونوں ممالک کے جامعات کے سربراہوں نے باہمی بات چیت کے بعد انسٹی ٹیوٹ کے چلانے کے طریقہ کار اور روڈ میپ کو حتمی شکل دے دی ہے۔ اس ملاقات میں بین الاقوامی تعاون و تبادلہ آفس کے انچارج ڈاکٹر ذاہد مجید بھی وائس چانسلر کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

فاصلاتی نظام تعلیم کے تحت تعلیمی نیٹ ورک کی توسیع کے لئے یہ دونوں ممالک کا مشترکہ پراجیکٹ ہوگا۔ معاہدے کے تحت اوپن یونیورسٹی تکنیکی مہارتیں اور تعلیمی سپورٹ فراہم کرے گی جبکہ کرغستان انٹرنیشل یونیورسٹی انسٹی ٹیوٹ چلانے کے لئے جگہ، سامان اور سٹاف کا انتظام کرے گی۔ مختلف ڈسپلنز میں آن لائن یا بلینڈڈ لرننگ نظام کے تحت جوائنٹ ڈگری پروگرامز پیش کئے جائیں گے۔

دونوں اطراف عربی، اردو، روسی اور کرغیز زبانوں کی آن لائن کورسز پیش کرنے میں بھی ایک دوسرے کی مدد کریں گے۔ اوپن یونیورسٹی عربی اور انگریزی کے ماسٹر ٹرینرزکو تربیت فراہم کرے گی۔ ڈاکٹر زاہد مجید کے مطابق وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کرغستان کے طلبہ کو داخلہ فیس میں رعایت فراہم کرنے کا اعلان کرکے اس رعایتی پیکج کو یونیورسٹی کی ایگزیکٹیو کونسل سے منظور بھی کرایا ہے۔ کرغستان کے طلبہ سے پاکستانی طلبہ کے مساوی فیس وصول کی جائے گی۔ڈاکٹر زاہد مجید نے مزید بتایا کہ یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم غیرملکی تعلیمی اداروں کے ساتھ اشتراک عمل پر یقین رکھتے ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں