اوپن یونیورسٹی :مٹھی کیمپس کی تعمیر مکمل، افتتاح جلد ہوگا

بلڈنگ میں طلباء و طالبات کے لئے الگ الگ کلاس رومز اور امتحانی ہالز بنائے گئے ہیں

جمعرات 9 دسمبر 2021 13:55

اوپن یونیورسٹی :مٹھی کیمپس کی تعمیر مکمل، افتتاح جلد ہوگا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 دسمبر2021ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے تھرپارکر)سندھ(کے ضلعی ہیڈکوارٹر مٹھی کے مرکزی مقام پر ریجنل کیمپس کی تعمیراتی کام مکمل کرلیا ہے ، یونیورسٹی کے ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز ، انعام الله شیخ کے مطابق نئی بلڈنگ کا افتتاح رواں ماہ کے آخر میں کیا جائیگا۔ یونیورسٹی نے گذشتہ تین سالوںکے دوران 15 ریجنل کیمپسز کی عمارتوںکی تعمیر کا کام شروع کیا ہے جن میں سے 5مکمل ہوچکی ہیں جبکہ باقی ماندہ تعمیر کے مختلف مراحل میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے تعلیمی نیٹ ورک میں توسیع کا کام صوبائی حکومتوں اور مخیر حضرات کے تعاون سے کیا جارہا ہے ، اس سلسلے میں وائس چانسلر ، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم بذات خود ان علاقوں میں حکومتی عہدیداروں اور مخیر حضرات سے زمین کے حصول کے لئے رابطے میں ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ یونیورسٹی کے ریجنل کیمپسسز کے نیٹ ورک کی توسیعی منصوبے میں کرایوں کے مکانوں میں قائم علاقائی دفاتر کو اپنی عمارتوں میں منتقل کرانے پر خصوصی توجہ مرکوز ہے ، یونیورسٹی کے وائس چانسلر ، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم دور افتادہ علاقوں میں رہنے والے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم انکی دہلیز پر دینے کے لئے تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لارہے ہیں۔

ڈائریکٹوریٹ آف ریجنل سروسز کی میڈیا فوکل پرسن ، مس صدف اشترف نے مٹھی کیمپس کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اِس کیمپس کی تعمیر کے لئے پلاٹ حکومت سندھ کے ریونیو ڈپارٹمنٹ سے حاصل کیا تھا جس پر 2منزلہ عمارت تعمیرکردی گئی ہے ۔اس نئی عمارت میں مقامی طلبہ کو تعلیم کی جدید سہولتیں دستیاب کردی گئی ہیں۔معاشرتی تقاضوں کے مطابق اس بلڈنگ میں طلباء و طالبات کے لئے الگ الگ کلاس رومز اور امتحانی ہالز بنائے گئے ہیں۔

انٹرنیٹ سہولتوں سے محروم طلبہ کی آسانی کے لئے اس کیمپس میں تیز ترین انٹرنیٹ اور جدید سہولتوں سے آراستہ 'کمپیوٹر لیباٹری'بھی قائم کی جارہی ہے ۔مزید برآن دفتر میں ' سپیشل کائونٹر' بھی قائم کیا جائے گا جہاں پر عملہ طلبہ کی مدد اور راہنمائی کے لئے ہمہ وقت موجود رہے گا۔طلبہ کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لئے وائس چانسلر نے یونیورسٹی کے تمام علاقائی دفاتر کے ناظمین کو متحرک ہونے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں