پوری پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، عاصمہ ارباب عالمگیر

جمعرات 9 مئی 2024 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مئی2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات و سابق وفاقی وزیر عاصمہ ارباب عالمگیر نے کہا ہے کہ کوئی محب وطن شہری شہداء کی یادگاروں پر حملےنہیں کر سکتا، 9 مئی ملکی تاریخ کا سیاہ دن ہےاور اس روز ہونے والے واقعات ملک میں انتشار پھیلانے کی سازش تھی،کسی بھی سیاسی جماعت کوپاکستان کی ریڈ لائن کراس کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، نو مئی کے واقعات میں ملوث تمام لوگوں کو جیل میں ہونا چاہیئے، پوری پاکستانی قوم اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، عدلیہ سے درخواست ہے کہ ان واقعات میں ملوث افراد کو نشان عبرت بنایا جائے تاکہ آئندہ کسی کو بھی دوبارہ اس طرح کی جرات نہ ہو سکے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کو یہاں نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

عاصمہ ارباب عالمگیر نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات عوام اور فوج کوآپس میں لڑانے کی سازش تھی، 09 مئی کو ہونے والے واقعات کی بھرپور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، ریاست مدینہ کا نام لیکر ہماری ریڈ لائن پاکستان کو کراس کرنے کی کوشش کی گئی ، ایک سال ہوگیا ہے ابھی تک نو مئی کے ملزمان کو سزا نہیں دی جا سکی، عدلیہ کو اپنا کردار ادا کرتے ہوئے اس فتنے کو انجام تک پہنچانا چاہیئے۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جمہوری رویوں پر یقین رکھتی ہے، پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو کے عدالتی قتل کے باوجود پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے خودسوزی کی تاہم ریاستی اداروں پر حملے نہیں کئے، شہید بینظیر بھٹو  کی شہادت پر بھی ملک میں انتشار پھیلانے اور اہم تنصیبات پر حملے کرنے کے بجائے صدر آصف علی زرداری نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا، ایک مفاد پرست سیاستدان نے اپنی کرسی سے ہٹ جانے پر عوام کو ورغلایا اور فوجی تنصیبات پر حملہ کیا، کے پی کے میں ہم نے دہشتگردوں کے حملے دیکھے لیکن کبھی کسی نے کور کمانڈر ہائوس یا جی ایچ کیو پر حملہ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ 09 مئی غداری کا سب سے بڑا کیس تھا لیکن اس پارٹی کو پھر بھی الیکشن لڑنے دیا گیا، پاکستان کی سالمیت کو برباد کرنے کیلئے ایک ٹولے کو تیار کیا گیا،یہ پاکستان میں ایسا ماحول پیدا کرنے چاہتے تھےکہ ملکی سالمیت خطرے میں پڑ جائے،انہوں نے آئی ایم ایف کو ایک خط لکھا کہ انکو فنڈز نہ دو تاکہ پاکستان تباہ ہوجائے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کی عدلیہ سے مطالبہ ہے کہ اس کیس کو ٹیک اپ کیا جائےاور نو مئی کے واقعات میں ملوث تمام ملزمان کو عبرتناک سزائیں دی جائیں تاکہ آئندہ کسی کو بھی اس طرح کی دوبارہ جرات نہ ہو سکے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں