امریکی محکمہ خارجہ کے انڈر سیکرٹری جان باس آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے

جان باس قطر اور پاکستان کا سفارتی دورہ کریں گے جو 26 اپریل سے 30 اپریل تک شیڈول ہے

ہفتہ 27 اپریل 2024 23:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2024ء) امریکی محکمہ خارجہ کے انڈر سیکرٹری برائے انتظامی امور اور نائب انڈر سیکرٹری برائے سیاسی امور جان باس آئندہ ہفتے پاکستان کا دورہ کریں گے۔جان باس قطر اور پاکستان کا سفارتی دورہ کریں گے جو 26 اپریل سے 30 اپریل تک شیڈول ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سینئر عہدیدار قطری حکام کے ساتھ افغانستان کے مسئلے پر تبادلہ خیال کریں گے اور پاکستانی حکام کے ساتھ اپنی ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات پر توجہ مرکوز کریں گے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں انڈر سیکریٹری باس پاکستان میں اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے اور امریکا پاکستان شراکت داری کے حصے کے طور پر علاقائی اور دوطرفہ امور پر تبادلہ خیال کریں گے۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق امریکی انڈر سیکرٹری آئندہ ہفتے اسلام آباد پہنچیں گے، دورے میں پاک امریکہ تعلقات پر مفصل جائزہ لیا جائیگا، پاکستانی قیادت سیاقتصادی تعاون سمیت دوطرفہ تعلقات، سکیورٹی ایشوز پر بات ہوگی، پاک امریکہ معاشی و تجارتی تعلقات پرتبادلہ خیال کیاجائیگا۔

محکمہ خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ قطر کے دارالحکومت دوحہ میں وہ قطری حکومت کے اعلیٰ حکام اور دیگر سفارتی مشنز سے ملاقاتیں کریں گے جس میں افغانستان کی حمایت اور خطے میں سلامتی کے مشترکہ مفادات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں