مشکل وقت آتا اور چلا جاتا ہے،نوازشریف

ملک وقوم کی خدمت کی ہے، جس پرلوگوں نے مینڈیٹ بھی دیا،عوام کےمشکور ہیں،کارکنان پرعزم رہیں۔اڈیالہ جیل میں ملاقات کرنےوالےپارٹی کارکنان سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 16 اگست 2018 15:19

مشکل وقت آتا اور چلا جاتا ہے،نوازشریف
اسلام آباد(اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 اگست 2018ء) : پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز سے آج اڈیالہ جیل میں پارٹی رہنماؤں اور کارکنان نے ملاقات کی، جس میں پارٹی رہنماؤں نے نوازشریف اور مریم نواز کی خریت دریافت کی اور ان کے عزم اور حوصلے کو قابل تحسین قرار دیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف سے اڈیالہ میں ملاقات کرنے والے پارٹی رہنماؤں میں صدر ن لیگ شہبازشریف، سینیٹر مشاہد حسین سید، غلام دستگیر، میر حاصل بزنجو، پرویز ملک، طلال چوہدری، سابق گورنرزبیرعمر کے سمیت راجا قمرالاسلام کے بچے بھی شامل تھے۔

اس موقع پر احتساب عدالت میں ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا یافتہ سابق وزیراعظم نوازشریف نے پارٹی رہنماؤں کو بتایا کہ مجھے جیل میں چیک کرنے والا ڈاکٹر روپڑا اور اس نےکہا کہ آج مجھے گردش ایام پر رونا آرہا ہے۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ قوموں کی زندگیوں میں مشکل وقت آتا اور چلا جاتا ہے۔ نوازشریف نے مزید کہا کہ ہم نے ملک کی خدمت کی لوگوں نے مینڈیٹ بھی دیا جس پر ہم مشکور ہیں۔

ایک صحافی کے سوال پرنوازشریف نے بتایا کہ مجھے باہر جانے کی اجازت نہیں ہے میں نماز بھی اپنے سیل میں ہی ادا کرتا ہوں۔ پارٹی رہنماؤں نے نوازشریف کی طبیعت کے بارے دریافت کیا جس پر انہوں پارٹی کارکنان کے جذبے کوداد دیتے ہوئے کہا کہ میں حوصلے میں ہوں اور پرعزم ہوں۔ دوسری جانب مریم نواز نے ملاقات کے دوران قمرالاسلام کے بچوں کو پیار کیا اور کہا کہ بچوں گھبرانا نہیں ہم تمھارے ساتھ ہیں۔ بعض اطلاعات کے مطابق سابق وزیراعظم نوازشریف جیل میں قید تنہائی میں زندگی گزار رہے ہیں۔ نواز شریف نے بھی بتایا کہ انہیں سیل سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں