صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نی اسلام آباد کی کچی آبادی میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلاکر ملک گیر پولیو ویکسینیش مہم کا افتتاح کردیا،

علماء کرام سے مہم کی کامیابی میں کردار ادا کرنے کی اپیل پاکستان بہت جلد پولیو سے پاک ملک بن جائے گا،اس سال صرف چار کیس رپورٹ ہوئے جو بہتر صورتحال کی عکاسی ہے،پولیو کے قطرے پلانے والی تمام ٹیمیں تحسین کی مستحق ہیں جو زندگی کو خطرہ لاحق ہونے کے باوجود خدمات انجام دے رہی ہیں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی تین روزہ ملک گیر انسدادپولیو مہم کے آغاز کے بعد میڈیا سے گفتگو

پیر 24 ستمبر 2018 18:15

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نی اسلام آباد کی کچی آبادی میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلاکر ملک گیر پولیو ویکسینیش مہم کا افتتاح کردیا،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 ستمبر2018ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ پاکستان بہت جلد پولیو سے پاک ملک بن جائے گا، جیسا کہ ماضی میں پولیو کے سینکڑوں کیسز کی بجائے اس سال صرف چار کیس رپورٹ ہوئے ہیں جو اس ضمن میں بہتر صورتحال کی عکاسی کرتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات پیر کو تین روزہ ملک گیر انسدادپولیو مہم کے آغاز کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وفاقی وزیر قومی صحت عامر کیانی، عالمی ادارہ صحت اور یونیسف سمیت بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندگان اور سینئر حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پولیو کے قطرے پلانے والی تمام ٹیمیں تحسین کی مستحق ہیں جو بعض علاقوں میں زندگی کو خطرہ لاحق ہونے کے باوجود اس مہلک وائرس سے ملک کو پاک کرنے کیلئے خدمات انجام دے رہی ہیں۔

(جاری ہے)

قبل ازیں صدر مملکت نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی کچی آبادی میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر ملک گیر پولیو مہم کا افتتاح کیا۔

صدر مملکت نے خطرات کے باوجود اس مہم کو جاری رکھنے پر تمام متعلقہ اداروں اور سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا جو پولیو کے قطرے پلانے والی ٹیموں کو تحفظ فراہم کر رہے ہیں۔ صدر مملکت نے عوام بالخصوص علماء سے اپیل کہ وہ اس مہم کی کامیابی میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جلد ملک سے اس بیماری کا مکمل خاتمہ کر دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 2014ء میں پولیو کے 306، 2015ء میں 54، 2016ء میں 20، 2017ء میں 8 جبکہ 2018ء میں اب تک صرف 4 کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔ اس موقع پر وزیر صحت عامر کیانی نے کہا کہ پولیو کیسز میں نمایاں کمی کا کریڈٹ ویکسینیشن ٹیموں کو جاتا ہے جو بچوں کو اس مہلک مرض سے بچانے کیلئے انتھک کوششیں کر رہی ہیں۔ اس موقع پر صدر مملکت عارف علوی دو پولیو ورکرز محمد اقبال اور شہناز سے بھی ملے اور اس مہم میں پولیو کے قطرے پلانے والے کارکنوں کیلئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ کوآرڈینیٹر نیشنل ایمرجنسی آپریشن سنٹر ڈاکٹر رانا محمد صفدر نے ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی منزل کے قریب ہے اور یہ مہم پولیو وائرس کے خاتمہ کے ہدف کی طرف جاری ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں