پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے قطری شہزادوں کو تلور کے شکار کی اجازت دے دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 22 اکتوبر 2018 17:15

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے قطری شہزادوں کو تلور کے شکار کی اجازت دے دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 22 اکتوبر 2018ء) : پاکستان تحریک انصاف کی حکومت بھی قطری شہزادوں کے رعب و دبدبے کے آگے ڈھیر ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے قطری شہزادوں کو نایاب پرندے تلور کے شکار کی اجازت دے دی ہے۔قطری شہزادے قلع عبد اللہ میں تلور کا شکار کریں گے۔قطری شہزادے آئندہ برس جون میں تلور کا شکار کر سکیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق قطری شہزادے تلور کے شکار کے لیے ایک لاکھ ڈالر فیس دیں گے۔ قطری شہزادوں کو پاکستان میں تلور کے شکار کی اجازت دینے سے متعلق حکومت کی جانب سے جاری کردہ اجازت نامہ بھی منظر عام پر آگیا ہے۔ قطری شہزادے شیخ فیصل نے تلور کے شکار کے لیے درخواست دی تھی جسے وزارت داخلہ نے ضروری ہدایات کے ساتھ بلوچستان حکومت کو بھجوادیا تھا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گذشتہ دور حکومت میں پاکستان تحریک انصاف قطری شہزادوں کو تلور کے شکار کی اجازت دینے کی سب سے بڑی مخالف جماعت تھی۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے دور میں بھی قطری شہزادے نایاب پرندے تلور کے شکار کے لیے پاکستان آتے تھے۔ 19 اگست 2015ء کو سپریم کورٹ نے تلور کے شکار پر پابندی عائد کی تھی۔ 23 نومبر 2015ء کو حکومت نے تلور پرندے کے شکار پر پابندی کی تجویز کو ناقابلٍ عمل قرار دیا اور کہا کہ سیکرٹری قانون کا کہنا تھا کہ حکومت اس سے متعلق کوئی قانون سازی نہیں کر رہی. اس پابندی سے عرب ممالک کے ساتھ تعلقات متاثرہوں گے۔

سیکرٹری قانون نے مزید کہا کہ عرب شہزادے سو پرندوں کا شکار کرتے ہیں تو ہزار کی افزائش بھی کرتے ہیں کرتے ہیں، تلور کے شکار پر پابندی عائد کرنے سے تلور کی افزائش بھی اثر انداز ہو گی۔ دسمبر 2015ء کو سپریم کورٹ میں جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے تلور کے شکار پر پابندی سے متعلق نظر ثانی درخواست پر لارجر بنچ بنانے کا فیصلہ کیا۔

لیکن رواں برس جنوری میں لاہور ہائیکورٹ نے تلور کے شکار پر پابندی کا فیصلہ واپس لے لیا۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منصور علی شاہ نے تلور کے شکار پر پابندی کا عبوری فیصلہ واپس لے لیا۔ تاہم اب ماضی میں قطری شہزادوں کو تلور کے شکار کی اجازت دینے کی سب سے بڑی مخالف جماعت پاکستان تحریک انصاف نے حکومت میں آتے ہی قطری شہزادوں کو ایک لاکھ ڈالر کے عوض تلور کے شکار کی اجازت دے دی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں