فلیگ شپ، خواجہ حارث کی پیر کو دلائل مکمل کرنیکی یقین دہانی

فلیگ شپ اور العزیزیہ کے قیام میں فرق صرف اپریل اور مئی کا ہے ،ْجج کے ریمارکس

جمعہ 14 دسمبر 2018 19:26

فلیگ شپ، خواجہ حارث کی پیر کو دلائل مکمل کرنیکی یقین دہانی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 دسمبر2018ء) فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے پیر کو دلائل مکمل کرنے کی یقین دہانی کرادی ،ْنیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ وہ بھی ایک دن میں دلائل مکمل کرلیں گے۔ جمعہ کو احتساب عدالت میں فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنس کی سماعت ہوئی،سابق وزیراعظم نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے حتمی دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ فلیگ شپ ریفرنس میں نوازشریف پر الزام ہے کہ وہ تمام کمپنیوں کے اصل مالک ہیں۔

انہوں نے دلائل جاری رکھتے ہوئے کہا کہ 2001میں حسین نواز 28 اور حسن نواز 25 سال کے تھے، چارج شیٹ میں الزام لگایا گیاکہ حسن اور حسین نواز بے نامی دارہیں،چارج شیٹ کے مطابق حسن نواز 1989/90 اور 1994/95 میں والد کے زیرکفالت تھے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فلیگ شپ انوسٹمنٹ 2001 میں حسن نواز نے قائم کی۔جج ارشد ملک نے ریمارکس دیئے کہ فلیگ شپ اور العزیزیہ کے قیام میں فرق صرف اپریل اور مئی کا ہے،۔

خواجہ حارث نے کہا کہ کیس میں ظاہرکمپنیوں میں سے صرف کیپٹل ایف زیڈ ای میں نوازشریف کا نام ہے،کیپٹل ایف زیڈ ای 2001 میں بنی لیکن نوازشریف نے کمپنی کے نام پر2006 میں ویزالیا، سپریم کورٹ میں دی گئی نوازشریف کے پاسپورٹ کی کاپی پر دبئی کا ویزا ظاہر ہے، پاسپورٹ پر موجود ویزے پر چیرمین کیپٹل ایف زیڈ ای بھی ظاہر ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 2008/9 میں کیپٹل ایف زیڈ ای سے کوئینٹ پیڈنگٹن کو 6 لاکھ 15 ہزار پائونڈ کا قرض دیا گیا، 2009/10 میں حسن نواز نے چودھری شوگر ملز کو 8 کروڑ 73 لاکھ کا قرض دیا۔

انہوں نے دلائل میں یہ بھی کہا کہ چارج شیٹ کے مطابق 2012/13 میں حسن نوازنے مریم نوازکو 8 لاکھ پائونڈ تحفے میں دیے، چارج شیٹ کے مطابق نوازشریف کو فلیگ شپ انوسٹمنٹ سے کوئی رقم نہیں بھیجی گئی۔جج ارشد ملک نے ریمارکس دیئے کہ کیس تو یہ ہے کہ پیسہ خاندان کے افراد کے درمیان گھومتا رہا۔خواجہ حارث نے العزیزیہ میں دیے گئے بعض دلائل اپنا تے ہوئے کہا کہ بے نامی دار، ایم ایل اے اور جے آئی ٹی سے متعلق دیے گئے دلائل اپنا رہا ہوں، عدالت ان دلائل کو ہی فلیگ شپ ریفرنس کا حصہ بنا دے۔

نوازشریف نے حسن نواز کی برطانیہ میں جائیداد سے متعلق نئی دستاویزات پیش کردیں،خواجہ حارث نے 3 کمپنیوں کی دستاویزات عدالت کو دکھا دیں۔خواجہ حارث نے عدالت کو بتایا کہ نوازشریف نے دستاویزات کے حصول کیلئے برطانوی لینڈ رجسٹری ڈپارٹمنٹ کو درخواست دی تھی،تین کمپنیوں کی دستاویزات ہیں، باقی بھی جلد آجائیں گی، دستاویزات میں دیکھ لیں حسن نواز کا کاروبارہی یہ تھا جائیداد خریدنا اورفروخت کرنا،دستاویزات دیکھ کر واپس کردیں، تصدیق کروانی ہے، دستاویزات کی تصدیق کے بعد دوبارہ عدالت میں جمع کروا دیں گے۔جس کے بعد عدالت نے دستاویزات دیکھ کر خواجہ حارث کو واپس کردیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں