اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کی نااہلی کی متفرق درخواست سماعت کے لیے منظور

شہری حافظ احتشام کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں ٹیریان وائٹ اسکینڈل میں وزیراعظم کو نا اہل قرار دینے کی درخواست دائر کی گئی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان بدھ 16 جنوری 2019 13:33

اسلام آباد ہائیکورٹ میں عمران خان کی نااہلی کی متفرق درخواست سماعت کے لیے منظور
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 جنوری2019ء) اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹریان وائٹ کیس میں وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کی متفرق درخواست سماعت کے لیے منظور کر لی۔میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے ڈویژن بنچ نے عمران خان کی نااہلی کے خلاف درخواست جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی متفرق درخواست پر سماعت کی۔دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دئیے کہ درخواست قابل سماعت ہونے پر عدالت کو مطمئن کریں۔

شہری حافظ احتشام کی جانب سے دائر کردہ درخواست میں ٹیریان وائٹ اسکینڈل میں وزیراعظم کو نا اہل قرار دینے کی درخواست دائر کی گئی تھی۔ وزیراعظم کی نا اہلی کی متفرق درخواست کیس جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے اور بینچ کی تشکیل کے لیے دائر کی گئی ہیں۔ واضح رہے عمران خان کی نااہلی کے لیےدرخواستیں سابق چیف جسٹس پاکستان جسٹس (ر) افتخارمحمد چوہدری کی جماعت جسٹس اینڈ ڈیموکریٹک پارٹی کے عبدالوہاب بلوچ اور شہدا فاؤنڈیشن کے حافظ احتشام نے دائر کر رکھی ہیں۔

(جاری ہے)

اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواستوں میں مؤقف اپنایا گیا کہ وزیراعظم نے انتخابی کاغذات میں حقائق چھپائے اور امریکی خاتون سے بغیر شادی کے پیدا ہونے والی بیٹی ٹیریان کا ذکر نہیں کیا جس کے سبب وہ صادق و امین نہیں رہے اور آئین کے آرٹیکل 62 اور 63 پر پورا نہیں اُترتے۔ حافظ احتشام کا کہنا تھا کہ عمران خان کی دوسری سابقہ اہلیہ ریحام خان نے اپنی کتاب میں عمران خان پر سنگین نوعیت کے الزامات عائد کیے ، ایسے شخص کاوزیراعظم بننا ملکی سالمیت اور وقار کے خلاف ہے، عمران خان آئین کے آرٹیکل 62 کے تحت رکن قومی اسمبلی بننے کے اہل نہیں ہیں لہٰذا انہیں نا اہل قرار دیا جائے۔

جب کہ بیرسٹر دانیال چوہدری نے بھی عمران خان کے خلاف نااہلی کی درخواست دائر کی تھی جو بعد میں واپس لے لی تھی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں