وزارت انسانی حقوق کو اپنی کارکردگی کو بہتربنانے کی ضرورت ہے،بلاول بھٹو زرداری

صوبائی وزارت ا ور انسانی حقوق پر کام کرنیوالے اداروں کیساتھ ملکر بہتر کام کیا جاسکتا ہے ًچیئرمین قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کا اجلاس میں وزارت کا رکردگی پر تحفظات کا اظہار

جمعرات 18 اپریل 2019 23:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2019ء) چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ سالوں کے دوران بجٹ استعمال نہ کرنے پر وزارت کی کارکردگی پر تحفظات کا اظہار کردیا۔ وزارت انسانی حقوق کو اپنی کارکردگی کو بہتربنانے کی ضرورت ہے اس سلسلے میں صوبائی وزارت ا ور انسانی حقوق پر کام کرنے والے اداروں کے ساتھ ملکر بہتر کام کیا جاسکتا ہے۔

پارلیمنٹ ہائو س میں بلاول بھٹو زرداری کی زیر صدار ت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے پہلے اجلاس کے دوران وزارت انسانی نے کارکردگی رپورٹ پیش کی ۔ سیکرٹری انسانی حقوق رابعہ جویری آغا نے وزارت کی کارکردگی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ وزارت انسانی حقوق آئین میں موجو د قوانین کے تحت ملک میں بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی کے ساتھ نئے قوانین بنانے پر بھی کام کررہی ہے، اس کے علاوہ اقوام متحدہ اور یورپی یونین کے قوانین اور بین الاقوامی معاہدوں پر عمل کرتے ہوئے خواتین ، بچوں اور اقلیتوں کے حقو ق کی فراہم کو یقینی بنانے کیلئے کام کررہی ہے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری رابعہ جویری آغا نے مزیر بتایا کہ اسلام آباد میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کے سلسلے میں وفاقی دارالحکومت میں قانون لاگوہو چکا ہے اوروزارت انسانی حقوق کے زیر انتظام بچوں کی حفاظت کیلئے سنٹر کام کررہا ہے۔، اس کے علاوہ وزارت انسانی حقوق صوبائی سطح پر اپنے دفاتر کی کوارڈینشن کرکے بنیادی انسانی حقوق کی فراہمی کیلئے کام کررہی ہے۔

اجلاس کے دوران کمیٹی کے ارکان نے وزارت انسانی حقوق کو تجویز پیش کی کہ نچلی سطح پر شہریوںکے حقوق کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے صوبائی اداروں کے ساتھ ملکر کام کریں ۔ وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کمیٹی کوبتایا کہ وزارت انسانی حقوق نے گزشتہ عرصے کے دوران مسیحی میرج اور طلاق بل پر کام کررہی ہے جو جلد ایوان میں پیش کیا جائے گا، اس کے علاوہ معذور افراد سے متعلق بل بھی جلد قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

ممبرقومی اسمبلی شازیہ مری نے وزیر انسانی حقوق کو تجویز پیش کی کہ معذور افراد سے متعلق میں جلد بازی نہ کی جائے ، اس میں بعض الفاظ کو صحیح کرنے کی ضرورت ہے۔چیئرمین کمیٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیر انسانی حقوق سے سوال کیا کہ کیا وجہ ہے کہ وزارت انسانی حقوق ہرسال بجٹ کو حصہ واپس کردیتی ہے ، اس سے وزارت انسانی حقوق کی کارکردگی پر سوال کیا جاتا ہے ۔

کیا وزارت کے سال کے دوران بجٹ کو استعمال کرنے کی اہل نہیں اس سلسلے میں بہتر منصوبہ بندی کرنے کی ضرورت ہے ، انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی وزارت انسانی حقوق کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے سپورٹ کرنا چاہتی ہے۔کمیٹی نے ممبر قومی اسمبلی عالیہ کامرا ن کی جانب سے پیش کیے جانے والے بل پر مزید بحث کرنے کی منظور ی دیتے ہوئے ۔ کمیٹی نے کوئٹہ میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے اس سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔اس کے علاوہ کراچی کے اندر پولیس کی جانب سے غیر انسانی رویوں پر افسوس کا اظہارکیا۔ چیئرمین کمیٹی نے صحافی شاذب جیلانی پر ہونے والے مقدمات کی بھی تفصیلات طلب کی۔۔ ۔ شمیم محمود

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں