وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا پاکستان نیوی کیڈٹ کالج اورماڑا اور جناح نیول بیس اورماڑا کا دورہ

بدھ 24 اپریل 2019 23:18

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اپریل2019ء) وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت شفقت محمود نے ڈپٹی چیف آف نیول سٹاف (ٹریننگ اینڈ ایولیوشن) کی خصوصی دعوت پر پاکستان نیوی کیڈٹ کالج اورماڑا اور جناح نیول بیس اورماڑا کا ایک روزہ دورہ کیا۔ بدھ کو جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر کا اورماڑا ایئربیس پر پاکستان نیوی کے اعلیٰ حکام نے پرتپاک استقبال کیا۔

پاکستان نیوی کیڈٹ کالج اورماڑا پہنچنے پر کیڈٹ کالج کے پرنسپل کموڈور مسعود الحسن نے استقبال کیا اور ان کو کالج کے قیام، سہولیات، مختلف تربیتی پروگراموں کے بارے میں بریفنگ دی۔ وفاقی وزیر کو خاص طور پر بلوچ کیڈٹس کے لئے این کیڈٹ سکیم کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر نے کالج کے مختلف حصے دیکھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اسسٹنٹ چیف آف دی نیول سٹاف (ایجوکیشن) نے اورماڑا، تربت، گوادر اور جیوانی میں پاکستان نیوی کی جانب سے قائم کئے جانے والے تعلیمی اداروں پر بھی روشنی ڈالی اور پاکستان نیوی کی جانب سے بلوچ طلباء کو تعلیم کی مفت سہولیات کی فراہمی کے لئے شروع کی جانے والی مختلف سکیموں کے بارے میں بھی بتایا گیا۔

وفاقی وزیر نے پی این ایس درمان جاہ کا بھی دورہ کیا جو کہ مقامی آبادی کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنے کے لئے پاکستان نیوی نے ہسپتال قائم کیا ہے۔ وفاقی وزیر نے جناح نیول بیس اورماڑا کا دورہ کیا۔ دورے کے اختتام پر وفاقی وزیر نے بلوچوں کو قومی دھارا میں لانے کے لئے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں پاکستان نیوی کی کوششوں کو سراہا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں