چئیرمین نیب سے متعلق ہمارے گھر کے بڑوں نے فیصلہ کیا کہ اس معاملے میں کسی آزاد تحقیقات کی کوئی ضرورت نہیں

معروف صحافی و تجزیہ کار کامران خان نے چئیرمین نیب کے مستقبل سے متعلق بیان جاری کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 27 مئی 2019 13:58

چئیرمین نیب سے متعلق ہمارے گھر کے بڑوں نے فیصلہ کیا کہ اس معاملے میں کسی آزاد تحقیقات کی کوئی ضرورت نہیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 مئی 2019ء) : چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی مبینہ آڈیو اور ویڈیو لیک ہونے کے معاملے پر قیاس آرائی کی جا رہی تھی کہ جسٹس (ر) جاوید اقبال سے چئیرمین نیب کا عہدہ لے لیا جائے گا لیکن معروف صحافی و تجزیہ کار کامران خان نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری اپنے ٹویٹر پیغام میں کہا کہ جاوید اقبال چئیرمین کی حیثیت میں ہی ثابت و قائم رہیں گے۔

یہ فیصلے ہمارے گھر کے بڑوں نے آج مل بیٹھ کے کیا کہ گھر کی بات گھر میں ہی رہے ویسے بھی قوانین میں قائم مقام چئیرمین کے پاس کوئی اختیار نہیں ہیں۔ نیا چئیرمین بنانا جوئے شیر لانا ہوگا گویا جاوید اقبال اگر گئے تو نیب جام سارا احتساب جام۔
ایک اور پیغام میں انہوں نے کہا کہ چئیرمین نیب کے حوالے سے جمعرات کی رات جو مبینہ آڈیو وڈیو اسکینڈل سامنے آیا تھا ، اس حوالے سے ہمارے گھر کے بڑوں نے فیصلہ کیا کہ اس معاملے میں کسی آزاد تحقیقات کی کوئی ضرورت نہیں، اب اس باب کے آخری صفحات نیب کی جانب سے آج جاری کردہ دستاویزات بن جائیں گے۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے چئیرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی جانب سے خاتون کو ہراساں کرنے کی مبینہ ویڈیو منظر عام پر آئی تھی جس کی نیب نے سختی سے تردید کر دی تھی۔نجی ٹی وی چینل نیوز ون نے اپنے چینل پر ایک ویڈیو نشر کی تھی جس میں چئیرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی تصویر کے ساتھ ایک فون کال کی ریکارڈنگ چلائی گئی تھی جس میں ایک شخص ایک خاتون کو جنسی طور پر ہراساں کر رہا تھا۔

نیوز ون نے دعویٰ کیا تھا کہ یہ آواز نیب نے جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی ہے اور انہوں نے خاتون کو ہراساں کیا لیکن کچھ دیر بعد ہی نجی ٹی وی چینل نے اپنی اس ویڈیو کو نہ صرف غیر تصدیق شدہ قرار دیا تھا بلکہ اس پر معذرت بھی کر لی تھی۔ چئیرمین نیب کے خلاف بے بنیاد اور جھوٹی خبر نشر کیے جانے کے معاملے پر وزیراعظم نے اپنے مشیر خاص طاہر اے خان کو برطرف کر دیا تھا ، ان پر اس معاملے میں ملوث ہونے کا الزام تھا۔ جبکہ پیمرا نے بھی آڈیو اور ویڈیو کو نشر کرنے پر نجی ٹی وی چینل نیوز ون کو شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔ جس کے بعد چئیرمین نیب کو تبدیل کرنے کی خبریں بھی گردش کر رہی ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں