وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے نیویارک کے معروف ریپبلکن رہنماء، سابق ممبر کانگریس اور امریکا میں صف اول کی لابنگ فرم ہالینڈ اینڈ نائٹ کے نمائندے ٹام ریلنڈز کی ملاقات

توقع ہے کہ فرم پاکستان امریکا تعلقات کے فروغ کے لیے پاکستانی سفارتخانے کی معاونت کرے گی، وزیر خارجہ

ہفتہ 20 جولائی 2019 13:09

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے نیویارک کے معروف ریپبلکن رہنماء، سابق ممبر کانگریس اور امریکا میں صف اول کی لابنگ فرم ہالینڈ اینڈ نائٹ کے نمائندے ٹام ریلنڈز کی ملاقات
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2019ء) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے نیویارک کے معروف ریپبلکن رہنماء، سابق ممبر کانگریس اور امریکا میں صف اول کی لابنگ فرم "ہالینڈ اینڈ نائٹ" کے نمائندے ٹام ریلنڈزنے ملاقات کی۔ یہ ملاقات واشنگٹن میں واقع پاکستانی سفارت خانے میں ہوئی۔ اس موقع پر امریکا میں پاکستانی سفارت خانے اور فرم ہالینڈ اینڈ نائٹ کے درمیان معاہدے پر دستخط کئے گئے۔

یہ لابنگ فرم امریکا کے سیاسی منظر نامے کو پیش نظر رکھتے ہوئے پاک امریکا تعلقات کو وسعت دینے اور انہیں مزید مستحکم بنانے کیلئے پاکستانی سفارتخانے کی معاونت کرے گی۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اس موقع پر کہا کہ ہالینڈ اینڈ نائٹ لابنگ فرم میں وسیع انتظامی تجربہ کے حامل ماہرین اور بالخصوص ٹام رینلڈز جیسے وسیع تجربے کے حامل سابق ممبر کانگریس کی موجودگی انتہائی خوش آئند ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے دورے سے پاک امریکا تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔وزیر خارجہ نے توقع ظاہر کی کہ ہالینڈ اینڈ نائٹ فرم پاکستان اور امریکا کے تعلقات کو فروغ دینے کے لیے پاکستانی سفارتخانے کی بھرپور معاونت کرے گی۔ ٹام رینلڈز نے فرم پر اعتماد کے اظہار پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ ان کی فرم باہمی دلچسپی اور احترام پر مبنی دو طرفہ پاک امریکا تعلقات کے فروغ کیلئے پاکستانی سفارت خانے کو ہر ممکن معاونت فراہم کرے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں