سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف مذمتی قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی

کمیٹی نے باہمی قانونی معاونت کا بل متفقہ طور پرمنظور کر لیا……یہ بل فیٹف کی پابندیوں سے بچنے کے لئے منظور کیا گیا،سینیٹر رحمان ملک

جمعہ 17 جنوری 2020 23:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جنوری2020ء) قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے باہمی قانونی معاونت کے بل کی منظوری دے دی ۔جمعہ کو ایوان بالاء کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر رحمان ملک کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہاوس میں منعقد ہوا ۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں وزیر پارلیمانی امور سینیٹرمحمد اعظم خان سواتی کے 10جنوری 2020کو سینیٹ اجلاس میں متعارف کرائے گئے میوچوئل لیگل اسسٹنٹس (کریمنل معاملات)بل 2020کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا ۔

چیئرمین کمیٹی سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ بل کے حوالے سے کچھ اراکین کمیٹی نے چند تحفظات کا اظہار کیا تھا ۔ سینیٹرز جاوید محمد عباسی اور طلحہ محمود نے کچھ تجاویز تیار کی ہیں قائمہ کمیٹی حکومت کی یقین دہانی پر کہ60دن کے اندار تجاویز کو ہائوس میں پیش کر کے کمیٹی کو بحث کیلئے ریفر کرائے گی اور ملک کے مفاد کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے اراکین کمیٹی بل کی متفقہ طور پر منظوری دیتے ہیں اس بل کی ملک کو اشد ضرورت ہے ایف اے ٹی ایف کی جو تلوار سر پر لٹک رہی ہے ملک کو اس میں نہیں دھکیلا جا سکتا بل کے پاس نہ ہونے سے ملک کو بہت بڑا نقصان ہو گا ۔

(جاری ہے)

وزیر پارلیمانی امور سینیٹر محمد اعظم خان سواتی کی یقین دہانی پر قائمہ کمیٹی نے بل کو پاس کر دیا۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر رحمان ملک نے بھارتی مظالم اور بھارتی آرمی جرنل پین راوت کے بیان کے خلاف مذمتی قرارداد پیش کی جیسے قائمہ کمیٹی نے متفقہ طور پر منظور کر لیا ۔قرارداد میں بھارتی جرنل پین کا بیان کہ کشمیری بچوں کو ڈی ریڈیکلائزیشن کیمپس میں رکھا جائے قابل افسوس اور قابل مذمت ہے جو مودی کا بھارت میں مسلم کش نظریات کا عکس بھی ہے ۔

قرارداد میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و بربریت اور انسانی حقوق کی بے تحاشہ پامالی کے تدارک کیلئے عملی اقدام لیں۔ چیئرمین کمیٹی سینیٹر رحمان ملک نے سی ڈی اے کی طرف سے کئے گئے انکروچمنٹ آپریشنز کے حوالے سے سینیٹر محمد جاوید عباسی کی سربراہی میں ذیلی کمیٹی تشکیل دی جو کشمیر ہائی وے اور اسلام آباد کے دیگر علاقوں میںکئے گئے انکروچمنٹ آپریشنز پر قائمہ کمیٹی کو رپورٹ پیش کرے گی۔

قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹرز کلثوم پروین ، محمد جاوید عباسی ، محمد طاہر بزنجو ، محمد طلحہ محمود، ، ڈاکٹر شہزاد وسیم کے علاوہ وزیر پارلیمانی امور سینیٹر محمد اعظم خان سواتی ،سیکرٹری وزارت قانون محمد خلیل الرحمن ، ایڈیشنل سیکرٹری وزارت داخلہ ڈاکٹر طارق ، ڈی سی اسلا م آباد محمد حمزہ، ڈی آئی جی پولیس اسلام آباد وقار الدین اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں