کورونا وباء سے نجات کے لیے مشترکہ حکمت عملی اور لائحہ عمل بنایا جائے،امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق

منگل 31 مارچ 2020 22:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 مارچ2020ء) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حالات کا تقاضا ہے کہ کورونا وباء سے نجات کے لیے مشترکہ حکمت عملی اور لائحہ عمل بنایا جائے،چین سے ملنے والے ریلیف کے سامان میں گلگت بلتستان کے عوام وفاقی حکومت کی خصوصی توجہ او ر تعاون کے مستحق ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ویڈیو لنک کے ذریعے صوبائی امراء کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ میں حکومت کو مشورہ دوں گا کہ وہ قومی قیادت اور سٹیک ہولڈرز کو ایک میز پر بٹھائے تاکہ کورونا وائر س کے خلاف ایک مشترکہ پالیسی کے تحت تمام اقدامات اٹھائے جاسکیں ۔انہوں نے صوبائی امراء کو ہدایت کی کہ اپنے متعلقہ صوبوں میں ریلیف کی سرگرمیوں کو منظم کریں تاکہ کوئی غریب اور مستحق راشن اور بیماری سے بچائو کے لیے ضروری سامان سے محروم نہ رہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خاص طور پر شہروں کی نواحی بستیوں اور دیہاتوں کو ہدف بنا کرمکمل منصوبہ بندی کے ساتھ ضرورت مندوں کے پاس پہنچا جائے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہ جماعت اسلامی اورالخدمت فائونڈیشن اپنے وسیع تر نیٹ ورک کی بنیاد پر قوم کی امنگوں اور امیدوں کا مرکز ہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اور الخدمت فائونڈیشن نے اب تک پانچ لاکھ سے زائد گھرانوں میں راشن پہنچایا اور ملک بھر میں لاکھوں عوام کو کورونا سے محفوظ رکھنے کے لیے سینی ٹائزر ،ماسک اور دیگر ضروری سامان مہیا کیا۔جماعت اسلامی ریلیف کی سرگرمیوں پر اب تک 43کروڑ پچاس لاکھ روپے سے زائد رقم خرچ کرچکی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں