ا*تعمیراتی پیکج اقتصادی سرگرمیوں کو بحال نہیں کر سکا، شاہد رشید بٹ

7بیوروکریسی پیکج کی کامیابی میں بڑی رکاوٹ بنی ہوئی ہے،بھاری سرمایہ کاری، لاکھوں نوکریوں کا منصوبہ ناکام بنایا جا رہا ہے،سابق صدر اسلام آباد چیمبر آف کامرس

منگل 26 مئی 2020 19:50

) اسلام آباد(آن لائن) تاجر رہنما اوراسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ توقعات کے برعکس تعمیراتی پیکج اقتصادی سرگرمیوں کو بحال نہیں کر سکا ہے کیونکہ بیوروکریسی اس پیکج کی کامیابی میں بڑی رکاوٹ بنی ہوئی ہے جس سے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری مایوس ہو گئے ہیں۔حکومت نے جی ڈی پی میں بارہ فیصد تک حصہ رکھنے والے تعمیراتی شعبہ کی بحالی کے لئے متعدد قابل تعریف مالی، مالیاتی اور پالیسی اقدامات کئے اور اس شعبہ کو صنعت کا درجہ بھی دے دیا تاکہ سستے قرضوں کا حصول ممکن ہو جس پر بلڈرز اور ڈویلپرز نے خوش آئند قرار دیا مگر تقریباً ڈیڑھ مہینہ گزرنے کے باوجود کوئی قابل ذکر پیش رفت نہ ہو سکی جو افسوسناک ہے۔

شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ پیکج کے اعلان کے بعد بہت سے مقامی و غیر ملکی سرمایہ کار بھاری انوسٹمنٹ کی تیاری میں لگ گئے جبکہ بہت سے لوگ اس سکیم کے زریعے اپنا سرمایہ سفید کرنے کے خواہاں تھے جس سے معیشت میں اربوں روپے شامل ہو جاتے مگر انکی کوششیں کامیاب نہیں ہو سکیں اور اب انکی امید مایوسی میں بدل گئی ہے۔

(جاری ہے)

معیشت کی دستاویز بندی کی کوششوں نے معیشت سے بہت زیادہ سرمایہ نچوڑ لیا ہے اور اس پیکج کے زریعے سرمائے کی معیشت میں واپسی بھی مقصود تھی جسے بیوروکریسی ناکام بنا رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر صورتحال کا نوٹس لے کر حالات بہتر بنائے ورنہ اس پیکج کے زریعے اربوں روپے کی سرمایہ کاری اور لاکھوں افراد کو روزگار فراہم کرنے کا منصوبہ ناکام ہو جائے گا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں