اسد قیصر کا لبنان کی نیشنل اسمبلی کے پریذیڈنٹ سے رابطہ ، المناک حادثے پر اظہار تعزیت

لبنانی قوم پاکستان اور دیگر دوست ممالک کی مدد اور حوصلہ افزائی سے جلد اس بحران پر قابو پا لے گی، پریذیڈنٹ لبنان نیشنل اسمبلی لبنان میں پیش آنے والے سانحے پر پوری پاکستانی قوم دکھی ہے اور ان کے غم میں برابر کی شریک ہے، پاکستان اس کڑے وقت میں لبنان کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے، اسد قیصر

جمعہ 7 اگست 2020 21:38

اسد قیصر کا لبنان کی نیشنل اسمبلی کے پریذیڈنٹ سے رابطہ ، المناک حادثے پر اظہار تعزیت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اگست2020ء) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ لبنان میں پیش آنے والے سانحے پر پوری پاکستانی قوم دکھی ہے اور ان کے غم میں برابر کی شریک ہے، پاکستان اس کڑے وقت میں لبنان کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ جمعہ کو اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے لبنان کی نیشنل اسمبلی کے پریذیڈنٹ نبیہ مصطفی بیری سے ٹیلیفونک رابطہ کیا جس میں اسپیکر نے لبنان نیشنل اسمبلی کے پریذیڈنٹ سے لبنان کے شہر بیروت کے ساحلی علاقے میں پیش آنے والے المناک حادثے پر اظہار تعزیت کیا ۔

اسپیکر نے اس المناک حادثے کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان پر اظہار افسوس کیا ۔ اسد قیصر نے کہاکہ پاکستان کی عوام اور پارلیمنٹ مشکل کی اس گھڑی میں اپنے لبنانی بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے، لبنان میں پیش آنے والے سانحے پر پوری پاکستانی قوم دکھی ہے اور ان کے غم میں برابر کی شریک ہے، پاکستان اس کڑے وقت میں لبنان کو ہر ممکن امداد فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ لبنانی قوم ایک بہادر اور ثابت قدم قوم ہے جلد اس صدمے سے باہر نکل آئے گی۔اسپیکر قومی اسمبلی نے کہاکہ اللہ تعالی سے اس سانحے میں جان بحق ہونے والوں کی درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعاگو ہوں۔ انہوںنے کہاکہ اللہ تعالیٰ اس سانحے میں جان بحق ہونے والوں کے لواحقین اور قوم کو اس صدمے سے باہر نکلنے کے لیے حوصلہ اور ہمت عطا فرمائے۔

لبنان کے نیشنل اسمبلی کے پریذیڈنٹ نبیہ مصطفی بیری نے ٹیلیفون کال کرنے پر اسپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کیا ۔ لبنانی پریذیڈنٹ نیشنل اسمبلی نے کہاکہ پوری لبنانی قوم اس المناک حادثے پر گہرے صدمے اور دکھ سے دوچار ہے، پاکستان اور دیگر دوست ممالک کا اس کڑے وقت میں ساتھ دینا لبنای قوم کے لیے انتہائی حوصلہ افزا ہے، لبنانی قوم پاکستان اور دیگر دوست ممالک کی مدد اور حوصلہ افزائی سے جلد اس بحران پر قابو پا لے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں