بڑی خوش خبری ، بالآخر ہم درست سمت میں چل نکلے ، وزیراعظم

ستمبر میں 73 ملین ڈالر کے سر پلس کے ساتھ کرنٹ اکاؤنٹ پہلی سہ ماہی کے لیے 792 ملین ڈالر ہوگیا ، جو گزشتہ برس اسی عرصے میں 1492 ملین ڈالر تھا ، وزیراعظم عمران خان کا ٹوئٹ

Sajid Ali ساجد علی بدھ 21 اکتوبر 2020 11:02

بڑی خوش خبری ،  بالآخر ہم درست سمت میں چل نکلے ، وزیراعظم
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 اکتوبر2020ء) وزیر اعظم عمران خان نے قوم کو خوش خبری سنائی ہے کہ معیشت کے استحکام کے ساتھ آخر کار ہم درست سمت میں چل نکلے۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ توئٹر پر اپنے ایک پیغام میں وزیر اعظم نے بتایا کہ پاکستان کے لیے عظیم خوش خبری ہے ، بالآخر ہم درست سمت میں چل نکلے ہیں ، ماہِ ستمبر میں 73 ملین ڈالر کے سر پلس کے ساتھ کرنٹ اکاؤنٹ پہلی سہ ماہی کے لیے 792 ملین ڈالر ہوگیا ۔

وزیر اعظم عمران خان نے لکھا کہ گزشتہ برس اسی عرصے کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ کو 1492 ملین ڈالر خسارے کاسامنا تھا ، جب کہ گزشتہ ماہ کے دوران برآمدات میں 29 فی صد اضافہ ہوا اور ترسیلاتِ زر میں 9 فی صد اضافہ ہوا۔
دوسری طرف وزیراعظم نے اپوزیشن کیخلاف جارحانہ حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کرلیا ، وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو کسی قسم کی رعایت نہیں ملے گی، کرپشن مقدمات منطقی انجام تک پہنچائیں گے، اداروں کیخلاف اپوزیشن کے بیانیے کا بھرپور جواب دیا جائےگا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارٹی ترجمانوں کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں اپوزیشن جماعتوں کے ریاست مخالف بیانیے پر بھی مشاورت کی گئی۔ اسی طرح وزیراعظم کی زیرصدارت پولیٹیکل کمیٹی کے اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال پرمشاورت کی گئی۔ وزیراعظم نے اپوزیشن کیخلاف جارحانہ حکمت عملی اپنانے کا فیصلہ کیا۔ وزیراعظم نے پارٹی رہنماؤں کو گائیڈ لائنز سے آگاہ کیا۔وزیراعظم نے نوازشریف کی واپسی کیلئے اقدامات تیز کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ اداروں کے خلاف اپوزیشن کے بیانیے پر بھرپور جواب دیا جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں