ایف بی آرکی تمام ٹیکس گزاروں کو اپنے سالانہ انکم ٹیکس گوشوارے 8 دسمبر 2020 سے پہلے جمع کرانے کی ہدایت

ہفتہ 31 اکتوبر 2020 18:08

ایف بی آرکی تمام ٹیکس گزاروں کو اپنے سالانہ انکم ٹیکس گوشوارے 8 دسمبر 2020 سے پہلے جمع کرانے کی ہدایت
اسلام آباد۔31اکتوبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 اکتوبر2020ء) :فیڈرل بورڈ آف ریونیونے تمام ٹیکس گزاروں کو اپنے سالانہ انکم ٹیکس گوشوارے 8 دسمبر 2020 سے پہلے جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ۔گوشوارے داخل کرنے کی تاریخ میں توسیع نہیں کی جائے گی۔ترجمان ایف بی آر نے یہاں جاری بیان میں کہا ہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے میں آسانی کے لئے ایف بی آر نے ٹیکس گزاروں کی سہولت کے لئے کئی اقدامات اٹھائے ہیں۔

ٹیکس سال 2020 کے لئے نیا آسان ریٹرن فارم متعارف کرایا گیا ہے۔ ٹیکس گزار نئے وزرڈ بیسڈ آسان ویب انٹرفیس کے ذریعے راہ نمائی کے ساتھ سالانہ گوشوارے جمع کرا سکتے ہیں۔ ٹیکس آسان ایپ  پر سمارٹ فون  کے ذریعے بھی گوشوارے جمع کرائے جا سکتے ہیں۔ ایف بی آر نے واضح کیا ہے کہ ایسے تمام افراد کی نشاندہی کی جا چکی ہے جو کہ قابل ٹیکس آمدنی ہونے کے باوجود گوشوارے جمع نہیں کرا رہے اور ایسے افراد جن کے اخراجات قابل ٹیکس آمدنی سے زائد ہے مگر انہوں نے سالانہ گوشواروں میں اپنی آمدن قابل ٹیکس آمدنی سے کم ظاہر کی ہے۔

(جاری ہے)

ایف بی آر کے ڈیٹابیس میں ایسے تمام افراد کے اخراجات اور آمدن کی تفصیلات مو جود ہیں۔ ایف بی آر ایسے تمام افراد کو آخری موقع فراہم کر رہا ہے کہ وہ اپنے ٹیکس گوشوارے اپنے صحیح اخراجات اور آمدن کے حساب سے جمع کرائیں بصورت دیگر ان کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے گی ۔ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی راہ نمائی کے لئے ویڈیو ٹیو ٹوریلز ایف بی آر کی ویب سائٹ پر موجود ہیں۔ کسی بھی دشواری پیش آنے پر ایف بی آر کی ہیلپ لائن 111772772 یا ویب سائٹ www.fbr.gov.pk سے مدد لی جا سکتی ہے۔ یاد رہے انکم ٹیکس گوشوارے فائل کرنا ہر اس شخص پر لازم ہے جس کی سالانہ آمدن چھ لاکھ یا اس سے زائد ہے

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں