اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے

زلزلے کی شدت 5.3 تھی، اس کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کے بارڈر کا علاقہ تھا۔ زلزلہ پیما مرکز

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 28 مارچ 2024 16:07

اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 28 مارچ 2024ء ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق زلزلہ پیما مرکز کا کہنا ہے کہ زلزلے کی گہرائی 86 کلو میٹر تھی، زلزلے کی شدت 5 اعشاریہ 3 تھی، زلزلے کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کے بارڈر کا علاقہ تھا۔ بتایا گیا ہے کہ راولپنڈی اسلام آباد کے ساتھ صوبہ خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور میں بھی زلزلہ محسوس کیا گیا، اس کے علاوہ باجوڑ، دیربالا، ملاکنڈ، ایبٹ آباد، دیر لوئر اور گرد ونواح میں بھی زلزلہ آیا، سوات، مہمند، شبقدر اور رستم میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، مانسہرہ، صوابی، مردان زلزلے کے جھٹکوں سے لرز اُٹھے، جس کے باعث لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور عوام کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے اپنے گھروں اور دفاتر سے باہر آگئے۔

(جاری ہے)

ماہرین کا کہنا ہے کہ زمین کی تہہ تین بڑی پلیٹوں سے بنی ہے، پہلی تہہ کا نام یوریشین، دوسری انڈین اور تیسری اریبئین ہے، زیر زمین حرارت جمع ہوتی ہے تو یہ پلیٹس سرکتی ہیں، جس کی وجہ سے زمین ہلتی ہے اور یہی کیفیت زلزلہ کہلاتی ہے، زلزلے کی یہ لہریں دائرے کی شکل میں چاروں جانب پھیلتی ہیں، زلزلے ان علاقوں ميں زیادہ آتے ہیں جو ان پلیٹوں کے سنگم پر واقع ہیں اور جن علاقوں میں ایک مرتبہ بڑا زلزلہ آ جائے تو وہاں دوبارہ بھی بڑا زلزلہ آ سکتا ہے۔

کہا جاتا ہے کہ ان پلیٹوں کے رگڑنے یا ٹکرانے کے اثرات عام طور پر زمین کی سطح پر محسوس نہیں ہوتے لیکن اس کے نتیجے میں ان پلیٹوں کے درمیان شدید تناؤ پیدا ہوجاتا ہے، جب یہ تناؤ تیزی سے خارج ہوتا ہے تو شدید لرزش پیدا ہوتی ہے جو جسے سائزمک ویوز یعنی زلزلے کی لہر کہتے ہیں، اس کے علاوہ زیادہ تر زلزلے فالٹ زون میں آتے ہیں جہاں ٹیکٹونک پلیٹیں آپس میں ٹکراتی یا رگڑتی ہیں، ٹیکٹونک پلیٹیں وہ پتھریلی چٹانیں ہیں جن سے زمین کی باہر والی تہ بنی ہوئی ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں