ریاستی ناخداؤں کے پاس اب بھی وقت ہے پیچھے ہٹ جائیں، ترجمان پی ٹی آئی

حالات اس طرف نہ لے جائیں کہ معاملات ہمارے ہاتھ سے بھی نکل جائیں، جوڈیشری کو اس وقت اہم کردار ادا کرنا ہوگا، انصاف کے حصول کی راہ میں جو رکاوٹ ہے سب کو پتا ہے وہ کون ہے۔ رؤف حسن کی پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی منگل 23 اپریل 2024 16:57

ریاستی ناخداؤں کے پاس اب بھی وقت ہے پیچھے ہٹ جائیں، ترجمان پی ٹی آئی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 اپریل 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری انفارمیشن رؤف حسن نے کہا ہے کہ ہم ریاستی ناخداؤں کو وارننگ دینا چاہتے ہیں کہ ان کے پاس اب بھی وقت ہے وہ پیچھے ہٹ جائیں، ورنہ پارٹی کے لوگ ان کو بہت کچھ کرنے پر مجبور کر دیں گے۔ اسلام آباد میں دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کی اہلیہ کو فوری طور پر شوکت خانم ہسپتال منتقل کیا جائے اور ان ڈاکٹرز سے علاج کروایا جائے جن پر عمران خان کو اعتماد ہو، ہمیں اعتماد ہو اور بشریٰ بی بی کو اعتماد ہو، اب کوئی بھی بات چھپ نہیں سکتی، ہم بشریٰ بی بی کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، آپ اس طرف حالات کو نہ لے کر جائیں کہ پھر معاملات ہمارے ہاتھ سے بھی نکل جائیں، جوڈیشری کو اس وقت اہم کردار ادا کرنا ہوگا کیوں کہ انصاف کے حصول کی راہ میں جو رکاوٹ ہے سب کو پتا ہے وہ کون ہے- رؤف حسن کا کہنا ہے کہ کل رات ایک ایمبولینس کافی دیر بنی گالہ میں رہی، اس کو ہمارے لوگوں نے روکنے کی کوشش کی لیکن نہیں رکی، رات دیر گئے پھر ایک ایمبولینس آئی، ہمارے لوگوں نے ان سے معلوم کرنے کی کوشش کی لیکن کوئی معلومات نہیں دی گئیں کہ کیا ہوا ہے، غیر انسانیت کا عالم یہ ہے کہ انہوں نے کسی فیملی ممبر کو بھی کسی قسم کی کوئی بریفننگ نہیں دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صدر پی ٹی آئی ویمن ونگ کنول شوذب نے کہا کہ رجیم چینج میں آپ نے یہ روایت پڑتے دیکھی کہ خواتین کو ٹارگٹ کیا جانے لگا، بشریٰ بی بی کو کبھی کسی نے کسی سیاسی معاملات میں دخل اندازی کرتے نہیں دیکھا، تو کیا وجہ ہے ان کو ٹارگٹ کیا جارہا ہے، وجہ یہ ہے کہ نشانے پر عمران خان ہے کیوں کہ عمران خان نے قوم کو شعور دیا، آج اس وقت خواتین ونگ کی صدر علیمہ خان نہیں بلکہ ایک پارٹی ورکر بیٹھی ہے، یہاں عمران خان کے خاندان کا کوئی بندہ نہیں، باقی ہر جماعت میں عہدوں پر خاندان بیٹھے ملیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں