وفاقی وزیرداخلہ نے اسلام آباد میں امن عامہ کو بہتر بنانے ، جرائم پیشہ گینگز کی سرکوبی کا محاذ سنبھال لیا

ہفتہ 27 اپریل 2024 17:51

وفاقی وزیرداخلہ نے اسلام آباد میں امن عامہ کو بہتر بنانے ، جرائم پیشہ گینگز کی سرکوبی کا محاذ سنبھال لیا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 اپریل2024ء) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں امن عامہ کو بہتر بنانے اور جرائم پیشہ گینگز کی سرکوبی کا محاذ سنبھال لیا اور آئی جی اسلام آباد پولیس اور پوری ٹیم کو ٹاسک دے دیا ہے،وفاقی وزیرداخلہ نے منشیات کی خرید و فروخت میں ملوث گینگز کے خلاف بھرپور کریک ڈائون اوربھکاری مافیا اور پیشہ ور بھکاریوں کے خلاف موثر کارروائی کا حکم دیا ہے،وفاقی وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ایسے گینگز کو قانون کی گرفت میں لایا جائے، انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے باہر آئس سمیت دیگر نشہ آور اشیا کی فروخت کسی صورت برداشت نہیں،منشیات فروش ہمارے مستقبل کے دشمن ہیں انکے خلاف سخت ترین ایکشن ہو گا۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اسلام آباد میں امن عامہ کی صورتحال سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی نے امن و امان کی صورتحال کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں اسلام آباد میں غیر ملکی شہریوں کی سکیورٹی کیلئے سپیشل پروٹیکشن فورس بنانے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے غیر ملکی شہریوں کی فول پروف سکیورٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ ریڈ زون سمیت تمام اہم دفاتر و مقامات کی سکیورٹی پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے ایف آئی آر کے اندراج کو 100فیصد یقینی بنانے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی آر کا اندراج نہ کرنا یا تاخیر کسی طور قبول نہیں، ایف آئی آر درج نہ کرنے پر متعلقہ پولیس افسر کے خلاف کارروائی ہو گی۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد پولیس کے پروموشن کیسز کو فوری نمٹانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ترقی ملازم کا حق ہے جو اسے وقت پر ملنا چاہیے، پرموشن سے پولیس فورس کے مورال میں بہتری آئے گی۔وفاقی وزیرداخلہ نے اسلام آباد پولیس میں تمام خالی آسامیوں پر بھرتی کی ہدایت بھی کی۔ اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کرنے کے لیے اقدامات کئے جائیں گے۔

وفاقی وزیر محسن نقوی نے اسلام آباد میں ٹریفک مسائل کے حل کیلئے جامع پلان طلب کر تے ہوئے ٹریفک زیادہ جام رہنے والے مقامات کی نشاندہی کرکے قابل عمل حل تجویز کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد سیف سٹی کے نظام کو لاہور سیف سٹی کی طرح جدید تقاضوں سے لیس کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں تھانوں کی حالت کو بہتر کررہے ہیں، چند مہینوں میں اچھے نتائج ملیں گے۔ اجلاس میں آئی جی اسلام آباد پولیس علی ناصر رضوی سمیت تمام ڈی آئی جیز اور سی ٹی اونے شرکت کی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں