میڈیا سے حتی الامکان بچنے کا ارادہ رکھتا ہوں، شیر افضل مروت

کارکنوں کے جذبات اور عمران خان کے فیصلے کے احترام میں عمر ایوب کے حالیہ بیانات پر کوئی پریس کانفرنس نہیں کروں گا، کسی پارٹی ایشو پر بھی میڈیا ٹاک میں بات نہیں کروں گا۔ پی ٹی آئی رہنماء کا بیان

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 11 مئی 2024 15:40

میڈیا سے حتی الامکان بچنے کا ارادہ رکھتا ہوں، شیر افضل مروت
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 مئی 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء شیر افضل مروت کا نیا بیان سامنے آگیا۔ تفصیلات کے مطابق رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کا کہنا ہے کہ کارکنوں کے جذبات اور عمران خان کے فیصلے کے احترام کے طور پر میں عمر ایوب خان کے حالیہ بیانات پر کوئی پریس کانفرنس نہیں کروں گا، میں ان ایشوز یا کسی پارٹی ایشو پر بھی کسی میڈیا ٹاک میں بات نہیں کروں گا، میں میڈیا سے حتی الامکان بچنے کا ارادہ رکھتا ہوں، میں پارٹی کارکنوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ میں انہیں کبھی مایوس نہیں کروں گا اور عمران خان کے کسی بھی فیصلے کا احترام کروں گا۔

ادھر پاکستان تحریک انصاف نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر شیرافضل مروت کو شوکاز نوٹس جاری کردیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق پارٹی کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب کی جانب سے جاری شوکاز نوٹس میں تحریک انصاف نے رکن قومی اسمبلی سے 3 روز میں جواب طلب کیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ پارٹی کے ضابطہ اخلاق اور پالیسی کی خلاف ورزی کرنے پر وجہ نوٹس جاری کیا گیا ہے کیوں کہ شیر افضل مروت نے بانی چیئرمین عمران خان کی طرف سے پارٹی کے معلوم اور بیان کردہ مؤقف کی خلاف ورزی نہ کرنے کی واضح ہدایات کے باوجود پارٹی کی ساکھ اور مفادات کو نقصان پہنچانے والے غیر ذمہ دارانہ بیانات جاری کیے۔

شوکاز نوٹس میں درج ہے کہ شیر افضل مروت کے بیانات پارٹی کے ساتھی ممبران اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ خراب تعلقات کی وجہ بنے، مذکورہ بالا رپورٹ کردہ سرگرمیوں کے پیش نظر شیر افضل مروت کو اس نوٹس کے تین دن کے اندر تحریری طور پر وضاحت کرنے کے لیے کہا جاتا ہے، بصورت دیگر تادیبی کارروائی کی جائے گی، اگر شیر افضل مروت کا جواب غیر تسلی بخش ہوا یا انہوں نے جواب نہیں دیا تو پارٹی پالیسی اور قواعد کے مطابق مزید کارروائی کی جائے گی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں