نئے بیل آوٹ پیکج پر مذاکرات کا آغاز، آئی ایم ایف وفد وزارتِ خزانہ پہنچ گیا

پیر 13 مئی 2024 16:48

نئے بیل آوٹ پیکج پر مذاکرات کا آغاز، آئی ایم ایف وفد وزارتِ خزانہ پہنچ گیا
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2024ء) پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ ( آئی ایم ایف )کے درمیان وزارت خزانہ میں مذاکرات کا آغاز ہوگیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پاکستان کی معاشی ٹیم کی قیادت وزیر خزانہ محمد اورنگزیب جبکہ آئی ایم ایف کے وفد کی قیادت مشن چیف نیتھن پورٹر کررہے ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ وزارت خزانہ میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے وفود کے درمیان تعارفی سیشن ہوا، پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان نئے قرض پروگرام سے متعلق مذاکرات ہورہے ہیں جو تقریبا 2 ہفتے جاری رہیں گے۔

سیشن کے دوران پاکستان نے آئی ایم ایف کو معاشی اصلاحات کا عمل برقرار رکھنے کی یقین دہانی کروائی۔مذاکرات میں نئے قرض کے حجم اور مدت کے تعین کے علاوہ آئندہ مالی سال کے بجٹ پر بھی مشاورت کی جائے گی، پاکستان آئی ایم ایف سے 6 ارب ڈالر سے زائد بیل آٹ پیکج کے لیے پرامید ہے۔

(جاری ہے)

آئی ایم ایف کی ٹیم آج اسٹیٹ بینک حکام سے بھی مذاکرات کرے گی، دورے کے دوران وزارت خزانہ، ایف بی آر اور وزارت توانائی حکام سے بھی مذاکرات ہوں گے۔

۔یاد رہے کہ آئی ایم ایف کی معاون ٹیم 2 روز سے پاکستان میں ہے، ٹیم آج وزارت خزانہ پہنچی ہے، جہاں آئندہ مالی سال کے بجٹ سے متعلق تجاویز پر غور کیا جارہا ہے۔اس کے علاوہ دوسری جانب آئی ایم ایف کا مرکزی مشن 15 مئی کو پاکستان پہنچے گا، جن کے ساتھ پالیسی سطح کے مذاکرات ہوں گے، توقع ہے ایک سے ڈیڑھ ہفتے میں مذاکرات مکمل ہوجائیں گے اور آئی ایم ایف کے نئے پروگرام پر دستخط ہوجائیں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں