9 مئی بہانہ تھا عمران خان نشانہ تھا اور یہ ایک سوچا سمجھا منصوبہ تھا

یوم سیاہ پاکستان سے مشرقی پاکستان کے الگ ہونے کا ہے؟ لندن پلان میں پاکستان آرمی نہیں ایک فرد واحد ملوث تھا، آئی جی پنجاب کو مسلم لیگ ن کا گُلوبٹ کہتا ہوں۔ عمرایوب خان کا قومی اسمبلی میں اظہار خیال

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 13 مئی 2024 19:03

9 مئی بہانہ تھا عمران خان نشانہ تھا اور یہ ایک سوچا سمجھا منصوبہ تھا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی 2024ء) اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب خان نے کہا ہے کہ9 مئی بہانہ تھا عمران خان نشانہ تھا اور یہ ایک سوچا سمجھا منصوبہ تھا، یوم سیاہ پاکستان سے مشرقی پاکستان کے الگ ہونے کا ہے؟ لندن پلان میں پاکستان آرمی نہیں ایک فرد واحد ملوث تھا، آئی جی پنجاب کو مسلم لیگ ن کا گُلوبٹ کہتا ہوں۔ پی ٹی آئی ایکس کے مطابق اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے افسران کا حلف پڑھ کر سُنایا اور کہا کہ یہ وہ حلف ہے جو ہر کمیشنڈ آفیسر اٹھاتا ہے، ڈی جی آئی ایس پی آر نے جو پریس کانفرنس کی اس کو ہم مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔

یہ سکیورٹی ادارے ہیں، ریاست نہیں ہیں، ریاست کے ٹولز ہیں، ریاست ان کے ذریعے کام لیتی ہے، وہ ریاست کے ملازمین ہیں، حاکمیت اللہ رب العزت کی ہے اُس کے بعد پاکستان کے عوام کی ہے، لہذا سیکیورٹی ادارے سیاست میں حصہ نہیں لے سکتے۔

(جاری ہے)

ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس ہونی ہی نہیں چاہیئے تھی۔ آئین واضح ہے جوڈیشری، حکومت سمیت تمام اداروں کی حدود واضح ہیں، ہر ادارہ پاکستانی کی بقاء سالمیت کیلئے اپنی حدود میں کام کرے گا تو پاکستان ترقی کرے گا۔

آئین کا آرٹیکل 19 پڑھ لیں جس میں اظہار رائے کی آزادی واضح لکھا کہ پاکستان میں آج کل بہت کم ہے، سینسرشپ اور ٹوئٹر پر بندش ہے۔ میڈیا ارکان بات نہیں کرسکتے، انٹیلی جنس ایجنیسز کی ہدایات آرہی ہوتی ہیں، ابھی بھی میری تقریر بریکس آرہی ہوگی، جس پر اسپیکر نے کہا کہ آپ لائیو جارہے ہیں، عمر ایوب نے کہا کہ یہاں تو لائیو جارہا ہے لیکن وہاں نہیں۔

جس پر اسپیکر نے کہا کہ آرٹیکل 19 پورا پڑھ کر سنائیں۔ عمر ایوب نے کہا کہ 8فروری کے الیکشن پر آزادانہ کمشین بنانا چاہیے، کمشنر لیاقت چٹھہ کو کمیشن کے سامنے پیش کیا جائے، دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہونا چاہیے۔ اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا کہ ہائیکورٹ کے ججز نے اپنے خط میں کہا مداخلت ہورہی ہے،قانون کی بالادستی کے بغیر باہر سے سرمایہ کاری نہیں آتی،عمر ایوب خان نے کہا کہ آئی جی پنجاب کو مسلم لیگ ن کا ٹاؤٹ کہتا ہوں، جس پر اسپیکر نے کہا کہ یہ مناسب نہیں، الفاظ حذف کرتا ہوں۔

عمر ایوب نے کہا کہ وہ ٹاؤٹ نہیں؟ چلیں گلو بٹ۔ عمرایوب نے کہا کہ جب ایک ملک میں رول آف لاء نہیں ہوتا وہاں باہر سے سرمایہ کاری نہیں آتی سرمایہ کار دیکھتا ہے کہ جب کوئی تنازعہ ہوا تو کس عدالت میں جائے گا سب کو پتہ پاکستان کی عدالتوں میں مداخلت ہورہی جب سرمایہ کار پاکستان کی عدلیہ کا حال دیکھتے وہ سرمایہ کاری نہیں کرتے وہ سمجھتے ہیں یہاں ان کی سرمایہ کاری غیر محفوظ ہے۔

9 مئی بہانہ تھا عمران خان نشانہ تھا - یہ ایک سوچا سمجھا منصوبہ تھا المیہ یہ ہے جس پر تشدد کیا گیا مجرم اسی کو بنا دیا - عمران خان کے اغواء کے ثبوت چرائے گئے کس نے ثبوت چرائے ثبوت غائب کرنا قانوناً جرم ہے، یوم سیاہ پاکستان سے مشرقی پاکستان کے الگ ہونے کا ہے لندن پلان میں پاکستان آرمی نہیں ایک فرد واحد ملوث تھا، کمشنر راولپنڈی جس نے 8 فروری کی دھاندلی کو بے نقاب کیا وہ کہاں غائب کردیا گیا راولپنڈی کمشنر کو بلایا جائے 8 فروری پر ایک آزاد کمیشن بننا چاہیے۔ 

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں