نیب ترامیم کیس، عمران خان ویڈیو لنک پر سپریم کورٹ میں پیش ہوگئے

چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ کیس کی سماعت کر رہا ہے

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 16 مئی 2024 11:50

نیب ترامیم کیس، عمران خان ویڈیو لنک پر سپریم کورٹ میں پیش ہوگئے
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 مئی 2024ء ) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان نیب ترامیم کیس میں ویڈیو لنک پر سپریم کورٹ میں پیش ہوگئے، اس سلسلے میں وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے حکم پر بانی پی ٹی آئی کی ویڈیو لنک پر پیشی کے انتظامات مکمل کیے، جیل انتظامیہ نے بانی پی ٹی آئی کو ویڈیو لنک پیشی سے آگاہ کیا، متوقع ویڈیو لنک پیشی سے قبل کیمونی کشن ٹیسٹ بھی مکمل کیا گیا جب کہ سپریم کورٹ میں پیشی کے موقع پر سابق وزیراعظم نے سکائی بلیو رنگ کی شرٹ پہن رکھی تھی اور ان کے ہاتھ میں پانی کی بوتل بھی موجود تھی۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان نے نیب ترامیم کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کو بذریعہ ویڈیو لنک پیش ہونے کی اجازت دی ہے، جہاں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ کیس کی سماعت کر رہا ہے، جسٹس امین الدین خان، جسٹس جمال مندوخیل، جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس حسن اظہر رضوی بینچ میں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ ’اٹارنی جنرل صاحب کیا ویڈیو لنک قائم ہو گیا؟ کیا عمران خان کنیکٹ ہیں؟‘، جس پر اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ ’جی! ویڈیو لنک کے تمام انتظامات مکمل ہیں‘، سپریم کورٹ کی ہدایت پر وفاقی حکومت کے وکیل مخدوم علی خان نے دلائل کا آغاز کیا تو چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’مخدوم علی خان آپ اونچی آواز میں بولیں تاکہ عمران خان بھی آپ کو سُن سکیں‘۔

دوسری طرف پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کی نیب ترامیم کیس میں پیشی کے باعث سپریم کورٹ یوٹیوب چینل کے سبسکرائبرز کی تعداد میں حیران کن اضافہ ہوگیا، سابق وزیراعظم عمران خان کی پیشی کے موقع پر سپریم کورٹ کے یو ٹیوب چینل کے سبسکرائبرز بھی مسلسل بڑھ رہے ہیں، سپریم کورٹ کے سبسکرائبرز کی تعداد 10 ہزار سے بڑھ کر 75 ہزار سے بھی زائد ہوچکی ہے جس میں بتدریج اضافہ جاری ہے جب کہ سوشل میڈیا پر IKonVideoLink# کا ہیش ٹیگ ٹاپ ٹرینڈ کررہا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں