وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان موسمیاتی تبدیلی اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی

موسمیاتی تبدیلی اتھارٹی کے قیام کی منظوری پاکستان موسمیاتی تبدیلی ایکٹ 2017 کے تحت دی گئی ہے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 17 مئی 2024 15:01

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان موسمیاتی تبدیلی اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔17مئی۔2024 ) وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان موسمیاتی تبدیلی اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی ہے وزیراعظم کی جانب سے موسمیاتی تبدیلی اتھارٹی کے قیام کی منظوری پاکستان موسمیاتی تبدیلی ایکٹ 2017 کے تحت دی گئی ہے. نجی ٹی وی کے مطابق شہباز شریف نے بطور وزیر انچارج برائے موسمیاتی تبدیلی اتھارٹی کے قیام کی منظوری دی ہے خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے کلائمیٹ چینج اتھارٹی کے قیام کا حکم دیا تھا پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی ایکٹ 2017 میں بنایا گیا تھا، اب 7 سال بعد موسمیاتی تبدیلی اتھارٹی قائم کی جارہی ہے سپریم کورٹ نے بھی کلائمیٹ چینج اتھارٹی کے لیے فنڈز کے بندوبست کا بھی حکم دے رکھا ہے.

(جاری ہے)

یاد رہے کہ مارچ میں وزیر اعظم نے موسمیاتی تبدیلی کے نتیجے میں پیدا ہونے والے مسائل کی نشاندہی اور ان سے نمٹنے کے لیے کمیٹی تشکیل دینے کا حکم دے دیا تھا موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا تھا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تباہی میں سب سے کم کردار ادا کرتے ہیں لیکن موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہیں.

وزیراعظم نے کہا تھا کہ موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے ایک جامع اور موثر لائحہ عمل تشکیل دینے کی ضرورت ہے ماحولیاتی تبدیلی زراعت، توانائی، پانی، انفرااسٹرکچر اور کئی دیگر شعبوں کے ساتھ منسلک ہے. اجلاس میں وزیراعظم کو موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے بنائی گئی پالیسیوں اور منصوبوں کی حالیہ پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی تھی وزیراعظم نے موسمیاتی تبدیلی سے پیدا ہونے والے مسائل کی نشاندہی اور ان سے نمٹنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی تھی.                                 

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں