پی ٹی آئی رہنماوں کے خلاف سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر

درخواست ایڈووکیٹ میاں داﺅد کی جانب سے دائر کی گئی جس میں شعیب شاہین اور رﺅف حسن کو فریق بنایاگیا ہے

Faisal Alvi فیصل علوی منگل 21 مئی 2024 13:59

پی ٹی آئی رہنماوں کے خلاف سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21 مئی 2024 ) تحریک انصاف کے رہنماوں کے خلاف سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائرکر دی گئی، درخواست ایڈووکیٹ میاں داﺅد کی جانب سے دائر کی گئی جس میں شعیب شاہین اور رﺅف حسن کو فریق بنایاگیا ہے ،درخواست گزار کاموقف ہے کہ تحریک انصاف کے رہنما باقاعدگی سے اعلیٰ عدلیہ کو متنازع کر رہے ہیں، چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق کے خلاف پرنٹ ،الیکٹرانک اور سوشل میڈیا کے ذریعے مہم چلائی جا رہی ہے۔

درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ پی ٹی آئی رہنماء روف حسن اور شعیب شاہین کے خلاف آرٹیکل 204 کے تحت توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔واضح رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان نے فیصل واوڈا اور مصطفیٰ کمال کو توہین عدالت کے شوکاز نوٹسز جاری کرتے ہوئے سپریم کورٹ طلب کیا تھا۔

(جاری ہے)

فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس پر لئے گئے از خود نوٹس کیس میں سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی تھی۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نےسپلیمنٹری کیس کی سماعت کی تھی۔جسٹس عرفان سعادت خان اور جسٹس نعیم اختر افغان بنچ میں شامل تھے۔چیف جسٹس نے دوران سماعت ریمارکس دئیے تھے کہ جس نے تنقید کرنی ہے تو وہ سامنے آکر کریں۔چیف جسٹس نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار کیاتھا کہ کیا آپ نے فیصل واوڈا کی پریس کانفرنس سنی، جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا تھاکہ مجھ تک مکمل وڈیو ابھی نہیں پہنچی۔

کچھ حصہ خبروں میں سنا ہے۔عدالت نے فیصل واوڈااور مصطفیٰ کمال کو توہیں عدالت کا نوٹس جاری کرتے ہوئے دونوں رہنماوں سے2ہفتے میں جواب طلب کرلیاتھا اور پیمرا سے پریس کانفرنس کا ریکارڈ اور ٹرانسکرپٹ بھی طلب کر لیا تھا۔عدالت نے کیس کی سماعت 5 جون تک ملتوی کر دی تھی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں