پی ٹی آئی رہنماءرﺅف حسن کی میڈیکل رپورٹ اسلام آباد پولیس کو موصول

رﺅف حسن پر حملے میں بلیڈ کا استعمال نہیں ہوابلکہ ان کے چہرے پر زخم آہنی مکا لگنے سے آیا،زخم پر ٹانکے لگے ہونے کی وجہ سے زخم کی گہرائی کا تعین نہیں کیا جاسکا،میڈیکل رپورٹ

Faisal Alvi فیصل علوی جمعرات 23 مئی 2024 15:29

پی ٹی آئی رہنماءرﺅف حسن کی میڈیکل رپورٹ اسلام آباد پولیس کو موصول
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔23 مئی 2024 ) پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان رﺅف حسن کی میڈیکل رپورٹ اسلام آباد پولیس کوموصول ہوگئی ہے ،میڈیکل رپورٹ میں بتایاگیا ہے کہ رﺅف حسن پر حملے میں بلیڈ کا استعمال نہیں ہوابلکہ ان کے چہرے پر زخم آہنی مکا لگنے سے آیا،ذرائع کے مطابق سرکاری میڈیکل رپورٹ میں زخم کی گہرائی نہیں بتائی گئی، زخم پر ٹانکے لگے ہونے کی وجہ سے زخم کی گہرائی کا تعین نہیں کیا جاسکا۔

موقع سے ملنے والا بلیڈ فارنزک اور فنگر پرنٹس کی شناخت کیلئے لاہور بھجوا دیا گیاہے۔ حملے کی جگہ کی سی سی ٹی فوٹیجز بھی فارنزک کیلئے ایف آئی اے کو بھجوا دی گئی ہیں۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ حملہ آوروں کے چہروں کی شناخت کیلئے فوٹیجز آج نادرا کو بھجوائی جائیں گی۔

(جاری ہے)

اسلام آباد پولیس حملہ آوروں کی شناخت کیلئے تمام خواجہ سراوں سے تحقیقات کر رہی ہے۔

حملے کی تحقیقات کیلئے جیو فینسنگ بھی کی جارہی ہے۔خیال رہے کہ ترجمان پی ٹی آئی رﺅف حسن پر حملے کی تحقیقات کیلئے ایس ایس پی کی سربراہی میں 3رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دیدی گئی ہے۔،پولیس ترجمان کے مطابق مختلف ذرائع سے اکٹھے کئے گئے حملے کے 7 سے 8 ویڈیو کلپس کو فرانزک معائنے کیلئے ایف آئی اے کو بھجوا دئیے گئے ہیں۔پولیس نے فوٹیج اور ویڈیوز کا بھی جائزہ لیا لیکن اس میں حملہ آوروں کے چہرے واضح نہیں ہیں۔

آبپارہ پولیس نے رﺅف حسن کی شکایت پر نامعلوم حملہ آوروں کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 324، 109 اور 34 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے ترجمان کے چہرے پر شدید زخم آئے ہیں اور ان کے گہرے زخم سے خون بھی بہنے لگا۔یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی ترجمان رﺅف حسن نامعلوم افراد کے حملے میں زخمی ہوگئے تھے۔

رﺅف حسن پر اسلام آباد کے جی سیون مرکز میں نامعلوم افراد نے ان پر حملہ کر دیاتھا۔ابتدائی رپورٹس کے مطابق ترجمان پی ٹی آئی پر نامعلوم افراد نے چاقو سے حملہ کیا اور موقع سے فرار ہوگئے تھے۔رﺅف حسن جی سیون میں نجی ٹی وی چینل کے دفتر سے جونہی باہر نکلے تو نامعلوم افراد نے ان پر حملہ کردیا جس سے وہ زخمی ہوگئے تھے ان چہرے پر زخم آیا اور خون بہنے لگا تھا۔ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ وہ گاڑی کی طرف بڑھ رہے تھے تو ایک شخص جو خواجہ سرا معلوم ہوتا تھا انہیں روکا اور حملہ کردیاتھا۔ اس دوران 3 دیگر افراد نے جن میں سے دو خواجہ سرا لگتے ہیں نے بھی رﺅف حسن پر حملہ کیا اور ان کی گردن کو نشانہ بنا کر تیز دھار ہتھیار سے قتل کرنے کی کوشش کی تھی۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں