پی ٹی آئی رہنماءعامر مغل کی ضمانت بعداز گرفتاری کی درخواست منظور

عدالت نے 50 ہزار کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی،کیس کی سماعت ا نسداد دہشت گری عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے کی

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 25 مئی 2024 13:37

پی ٹی آئی رہنماءعامر مغل کی ضمانت بعداز گرفتاری کی درخواست منظور
اسلام آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔25 مئی 2024 ) انسداد دہشت گری عدالت اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عامر مغل کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست منظور کرلی، انسداد دہشت گری عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے رہنما پی ٹی آئی کی ضمانت بعد از گرفتاری کی درخواست پر سماعت کی۔عدالت نے 50 ہزار کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی، پولیس نے ریکارڈ عدالت جمع کرا دیا۔

پراسکیوٹر نے عدالت کو مقدمے کے بارے میں آگاہ کیا اورملزم عامر مغل کی جانب سے وکیل علی بخاری ایڈوکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔بعدازاںفریقین کو سننے کے بعد انسداد دہشت گری عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے درخواست ضمانت منظور کرلی۔خیال رہے کہ اسلا م آباد میں تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹریٹ کو سیل کرنے کے دوران ہونے والی مزاحمت پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنماءعامر مغل کیخلاف انسداد دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیاتھا۔

(جاری ہے)

مقدمہ 7 اے ٹی اے سمیت دیگر 6 دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا۔تھانہ کراچی کمپنی میں علاقہ مجسٹریٹ محمد سجاد کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیاتھا۔ مقدمے میں پی ٹی آئی اسلام آباد کے رہنما عامر مغل سمیت 25 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق سی ڈی اے کے آپریشن کے دوران عامر مغل نے آتے ہی ہوائی فائرنگ شروع کر دی تھی۔ عامر مغل نے مشتعل ہجوم کے ہمراہ پولیس پارٹی پر حملے کی بھی کوشش کی۔

مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ عامر مغل کی گرفتاری کے دوران ان کے ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔اسلام آباد پولیس نے رہنماءپی ٹی آئی عامر مغل کو پی ٹی آئی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے باہر سے گرفتار کیا تھا۔یادرہے کہ انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور وفاقی دارالحکومت کی پولیس کے اہلکاروں پر حملہ آور ہونے کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما عامر مغل کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا تھا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں