ٹنل ٹیکنالوجی تباہ کن ہے رن آف ریور پر پراجیکٹس پر فوکس کیا جائے،راجہ فاروق حیدر

آزادکشمیر کو جلد بجلی کی پیداوار میں خود کفالت کی منزل حاصل کرنے کیلئے ضروری ہے پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن اپنے اہداف بروقت مکمل کرے، غیر ضروری اخراجات سے گریز کیا جائے ،ادارے میں ڈسپلن کا خاص خیال رکھا جائے،وزیر اعظم آزاد کشمیر

منگل 25 ستمبر 2018 16:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ آزادکشمیر کو جلد بجلی کی پیداوار میں خود کفالت کی منزل حاصل کرنے کے لیے ضروری ہے کہ پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن اپنے اہداف بروقت مکمل کرے، غیر ضروری اخراجات سے گریز کیا جائے ،ادارے میں ڈسپلن کا خاص خیال رکھا جائے، آزادکشمیر چھوٹا سا خطہ ہے اس کے اندر اللہ تعالیٰ نے بے پناہ وسائل رکھے ہیں جن کے درست استعمال سے ہم خطے کو ترقی یافتہ بنا سکتے ہیں مگر شرط یہ ہے کہ سرکاری ملازمین اپنے فرائض ایمانداری سے ادا کریں اور کام کو شعار بنائیں ،پاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایک نفع بخش ادارہ ہے اسے پی آئی اے نہیں بننے دیں گے، آزادکشمیر کی بجلی کی ضروریات پورا کرنے کے لیے ادارہ طویل المدتی پالیسی کے تحت منظم انداز میں کام کرے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد جموں و کشمیر پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ ٹنل ٹیکنالوجی تباہ کن ہے رن آف ریور پر پراجیکٹس پر فوکس کیا جائے ۔ٹنلنلگ سے ماحولیاتی مسائل کی شدت کو روکنے کا ایک ہی راستہ ہے کہ متبادل طریقہ اپنایا جائے ۔آزاد جموں و کشمیر پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن کا اجلاس وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی زیر صدارت کشمیر ہائوس اسلام آباد میں منعقد ہوا ۔

اجلاس میں چیف سیکرٹری ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ترقیات ،سیکرٹری مالیات ،سیکرٹری پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن،ایم ڈی پاور ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن اور نمائندہ پبلک پرائیویٹ انویسٹمنٹ بیورو حکومت پاکستان نے شرکت کی۔ اجلاس میں ہائیڈرو الیکٹرک بورڈ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا ۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ یہ جو پراجیکٹس ہیں ان کو طے شدہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے اور جاگراں ون کے ٹیرف کی بھی منظوری دی گئی ۔

ہائیڈرو الیکٹرک بورڈ میں تقرریوں اور ترقیابیوں کے لیے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کے قواعد انضباط کار لانے کا فیصلہ کیا گیا اجلاس میں کھاریاں اور ترہیڑی پراجیکٹس کے ٹینڈر منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے بیتاڑ پراجیکٹ کے افتتاح میں ہونے والی مسلسل تاخیر پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فوری طور پر اس پراجیکٹ کو مکمل کیا جائے تاریخ پہ تاریخ نہ دی جائے اور آئندہ اگر کوئی تاریخ آئی تو کوئی نہیں بچے گا اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ تین مزید پراجیکٹس پرکا م مکمل کر کے انکا افتتاح کیا جائے گا ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں