برطانوی ہائی کمیشن کے زیر اہتمام گریٹ ڈیبیٹ کمپیٹیشن کا پہلا سیمی فائنل تابانی سکول آف اکائونٹینسی کے عبدالرفع نے جیت لیا

پیر 10 دسمبر 2018 19:07

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) برطانوی ہائی کمیشن کے زیر اہتمام سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کراچی میں گریٹ ڈیبیٹ کمپیٹیشن کا پہلا سیمی فائنل منعقد ہوا۔ اس مقابلہ میں کراچی کی 16 یونیورسٹیوں کے طلباء نے حصہ لیا۔ اس موقع پر ماہرین تعلیم، طلباء اور میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے۔ سیمی فائنل تابانی سکول آف اکائونٹینسی کے عبدالرفع نے جیت لیا جبکہ محمد احمر عباسی رنر اپ رہے۔

گریٹ ڈیبیٹ کمپیٹیشن دسمبر سے لے کر فروری 2019ء تک پاکستان کے پانچ مختلف شہروں میں ہو رہا ہے۔ اس کا دائرہ کار کوئٹہ تک پھیلایا گیا ہے۔ پاکستان میں برطانیہ کی ڈپٹی ہائی کمشنر و ٹریڈ ڈائریکٹر ایلن برنز نے اس موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ گذشتہ تین سالوں میں گریٹ ڈیبیٹ کمپیٹیشن کے ذریعے ہم نے پاکستان بھر میں کالج اور یونیورسٹیوں کے ہزاروں طلباء کی حوصلہ افزائی کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مباحثے کی اہلیت اور مختلف آئیڈیاز و چیلنجز پر بحث و مباحثہ اہمیت کا حامل ہے۔ اس مقابلہ میں پاکستان کے قابل اور ہونہار طلباء حصہ لیتے ہیں۔ رواں سال گریٹ ڈیبیٹ کمپیٹیشن کا موضوع تجارت، اختراع و بزنس رکھا گیا ہے جو پاکستان اور برطانیہ دونوں کیلئے اہمیت کا حامل ہے، ہماری خواہش ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ ہو۔ انہوں نے ڈیبیٹ جیتنے اور رنر اپ دونوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں