حکومت عوام کی سہولت کیلئے مؤثر قانون سازی کر رہی ہے،

خواتین کے وراثتی حقوق کے تحفظ کا بل جلد منظوری کیلئے قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، جہیز کی لعنت کے خاتمہ کیلئے قانون سازی پر کام جاری ہے پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف ملیکہ علی بخاری کی ’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی گفتگو

بدھ 16 جنوری 2019 18:25

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جنوری2019ء) پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف ملیکہ علی بخاری نے کہا ہے حکومت وزیراعظم عمران خان کے وژن پر عمل کرتے ہوئے عوام بالخصوص خواتین کوبا اختیار بنانے، فوری اور سستا انصاف فراہم کرنے کیلئے قانون سازی پر خصوصی توجہ مرکوز کر رہی ہے، خواتین کے وراثتی حقوق کے تحفظ کا بل جلد منظوری کیلئے قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا، جہیز کی لعنت کے خاتمہ کیلئے قانون سازی پر کام جاری ہے۔

’’اے پی پی‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی سہولت کیلئے مؤثر قانون سازی کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں ججز کی تعداد میں اضافہ سے متعلق بل کی منظوری لوگوں کو فوری انصاف کی جانب ایک اہم قدم ہے، عوام کو فوری اور سستے انصاف کی فراہمی پی ٹی آئی کے انتخابی منشور کا حصہ ہے، حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں پر عملدرآمد یقینی بنائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جہیز ایک لعنت ہے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اس حوالہ سے خیبرپختونخوا میں بھی قانون سازی کی تھی اور اب وفاقی حکومت اس تناظر میں قانون سازی کر رہی ہے، اس حوالہ سے جلد بل تیار کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے وراثتی حقوق کے تحفظ کیلئے بل تیار ہو چکا ہے جسے جلد منظوری کیلئے قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں