سول پروسیجر میں ہماری مجوزہ ترامیم بھارت اور برطانیہ کیلئے قابل تقلید نمونہ ہوں گی، بیرسٹر فروغ نسیم

وزارت قانون سول پروسیجر میں تاخیر کم کرنے ،اسے آسان بنانے کیلئے ترامیم پر کام کررہی ہے،وزیر قانون کی برطانوی وفد سے گفتگو

بدھ 16 جنوری 2019 23:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جنوری2019ء) وفاقی وزیر قانون وانصاف ڈاکٹر بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا ہے کہ سول پروسیجرمیں ہماری مجوزہ ترامیم بھارت اور برطانیہ کے لیے قابل تقلید نمونہ ہوں گی۔وہ برطانوی ہائی کمیشن اور ڈیپارٹمنٹ آف انٹر نیشنل ڈویلپمنٹ (ڈی ایف آئی ڈی)کے نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے جنہوں نے بٴْدھ کو یہاں وزارت قانون و انصاف میں وفاقی وزیر قانون وانصاف سے ملاقات کی۔

ملاقات کرنے والوں میں فرسٹ سیکرٹری (سیاسی امور)سٹیفن ہل پروگرام منیجر ڈای ایف آئی ڈی سوسن لاگ ہیڈاور برطانیہ ہائی کمیشن کے ویل مڈلٹن شامل تھے۔ ڈاکٹر فروغ نسیم نے بھرپور معاونت پر برطانوی وفد کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاکستان اور برطانیہ خصوصی طورپر ایک دوسرے سے منسلک رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستانی عوام برطانیہ کے ساتھ خود کو کمفرٹیبل سمجھتے ہیں وزیر قانون نے کہا کہ ہمیں قانونی نظام برطانیہ سے بھی ورثہ میں ملا ہے۔

انہوں نے برطانوی وفد کو بتایا کہ وزارت قانون سول پروسیجر میں تاخیر کم کرنے اور اسے آسان بنانے کے لیے ترامیم پر کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فوجداری قوانین پر بہت سا کام کیا جارہا ہے اور خواتین کے لیے لائحہ عمل بھی وزارت قانون کے ایجنڈا پر ہے۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ بیورکریسی ، پارلیمنٹرینز اور عدالتوں کی استعداد سازی میں پاکستان کی مدد کرسکتاہے جس پر سٹیفن ہل نے وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ برطانیہ ان تمام شعبوں میں ترجیحی طورپر تعاون کرے گا جن میں دونوں ممالک اکھٹے کام کرسکتے ہیں۔

وزیر قانون نے برطانوی نمائندوں کو ان تمام اقدامات کے بارے میں بتایا جن سے سول پروسیجر آسان ہوجائے گا اور وقت کی بھی خاطر خواہ بچت ہوگی۔وزیر قانون نے دہشت گردی کی روک تھام میں پاک فوج کے کردار کی تعریف کی اور کہا کہ پاکستان میں فوجی عدالتوں کی اس وقت تک ضرورت ہے جب تک کہ سویلین عدالتوں کی آرمی پبلک سکول جیسے واقعات کے تناظر میں استعداد سازی نہیں ہوجاتی۔ملاقات کے دوران موجود پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون بیرسٹر ملیکہ بخاری نے وفد کو کرسچین میرج بل اور تیزاب پھینکنے سے متاثرہ افراد کے بارے میں قانون سازی اور اقدامات کے بارے میں بتایا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں