سی ڈی اے نے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی غوری ٹاؤن کے خلاف آپریشن کا آغاز کر دیا

جمعہ 26 اپریل 2019 00:03

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 اپریل2019ء) سی ڈی اے نے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی غوری ٹاؤن کے خلاف آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ آپریشن کے پہلے مرحلے میں غوری ٹاؤن میں واقع 23 مختلف بلڈنگز بالخصوص سوسائٹی میں ریئل اسٹیٹ ایجنٹس کے دفاتر اور سوسائٹی کی انتظامیہ کے دفاتر کو سربمہر کر دیا گیا جبکہ تین زیرتعمیر عمارات پر تعمیراتی کام کو روکنے کے ساتھ ساتھ سر بمہر بھی کر دیا گیا۔

اس آپریشن میں سی ڈی اے کی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ، پلاننگ ونگ، اسلام آباد انتظامیہ، اسلام آباد پولیس اور دیگرشعبوں نے حصہ لیا۔ آپریشن کے پہلے مرحلے میں 23 مختلف عمارات جن میں رحمان پلازہ سروس روڈ، راجہ اکبر کمپنی سائٹ آفس غوری ٹاؤن فیز VII، ظہور لاء ایسوسی ایٹ پلازہ غوری ٹاؤن فیز VII، پاک کشمیر رئیل اسٹیٹ اینڈ بلڈرز، الامین ریئل اسٹیٹ اینڈ بلڈرز، بلال اسٹیٹ اینڈ بلڈرز، کمانڈر سیف اسٹیٹ اینڈ بلڈرز، اکبر ریذیڈنشیاء سائٹ آفس، علی آرکیڈ، پراپرٹی سیل پرچیز کے دو دفاتر، بزنس لنک پراپرٹی کے دو دفاتر، چوہدری ندیم ساجد پراپرٹی، تولی پیر ریئل اسٹیٹ بلڈرز، ٹاپ لنک پراپرٹی آفس، جمبورئیل اسٹیٹ، سبحان اللہ رئیل اسٹیٹ، شالیمار ریئل اسٹیٹ، مرحبا رئیل اسٹیٹ، گرین وال رئیل اسٹیٹ، صدا بہار پراپرٹی ایڈوائزر، نیو پاک کشمیر پراپرٹی آفس، الباسط ریئل اسٹیٹ، الحسیب پراپرٹی ایڈوائزر، تبسم پراپرٹی آفس اور چنار پراپرٹی اینڈ بلڈرز کو سر بمہر کیا گیا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ سی ڈی اے نے متعدد بار بذریعہ اخبارات عوام الناس کو متنبہ کیا تھا کہ وہ اس ہاؤسنگ سوسائٹی میں ہر طرح کی خرید و فروخت سے باز رہیں۔ تاہم اسکے باوجود نہ صرف اس ہاؤسنگ سوسائٹی میں خرید و فروخت کی جا رہی تھی بلکہ تعمیراتی سرگرمیاں بھی جاری تھیں۔ غیر قانونی تعمیرات کو روکنے اور غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی میں خریدو فروخت کے سدِ باب کے لیے آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

آپریشن کے پہلے مرحلے میں سوسائٹی میں واقع ریئل اسٹیٹ ایجینٹس کے دفاتر اور سوسائٹی کی انتظامیہ کے دفاتر جو غیر قانونی خریدو فروخت اور مارکیٹنگ میں ملوث ہیں کو سربمہر کیا جا رہا ہے تاکہ لوگ اس غیر قانونی ہاؤسنگ سکیم میں سرمایہ کاری نہ کریں۔ اس بات کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ سوسائٹی میں تعمیراتی سرگرمیوں کو فی الفور روکا جائے گا۔ اس ضمن میں تین زیر تعمیر عمارات پر تعمیراتی کام کو روکنے کے ساتھ ساتھ عمارات کو بھی سر بمہر کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں