انجینئر پروفیسر ڈاکٹراطہر محبوب اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے وائس چانسلر مقرر

منگل 23 جولائی 2019 22:27

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جولائی2019ء) انجینئر پروفیسر ڈاکٹراطہر محبوب کو اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پورکا وائس چانسلر مقرر کر دیا گیا ہے۔ وہ اس سے قبل خواجہ فرید یونیورسٹی آف انجینئر نگ اینڈ ٹیکنالوجی رحیم یار خان کے وائس چانسلر کے طور پر خدمات سرانجام دے رہے تھے۔ حکومت پنجاب نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پورکے وائس چانسلر کی حیثیت سے ان کے نام کی منظور دی اور اس سلسلہ میں ہائرایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے منگل کو نو ٹیفیکیشن جاری کیا۔

انجینئر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب ایک نامورماہرتعلیم اور مثالی منتظم کے طور پر پہچانے جاتے ہیں اور تدریس ،تحقیق اور صنعتی اداروں میں کام کا 25 سا لہ وسیع تجربہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے الیکٹریکل انجینئرنگ میں پی۔

(جاری ہے)

ایچ۔ڈی نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے کی جبکہ بی۔ایس اور ایم۔ایس کی تعلیم فلوریڈاسٹیٹ یونیورسٹی امریکہ سے حاصل کی۔

انہوں نے صفا یونیورسٹی ڈیفنس ہائو سنگ اتھارٹی کراچی میں بطور پروفیسر اور ڈین خدمات انجام دیں۔ اسکے علاوہ انہوں نے پبلک اور پرائیویٹ سیکٹرز کے بہت سے اداروں میں بھی اعلیٰ سطح پر خدمات سرانجام دیں۔ ڈاکٹر اطہر محبوب ابن خلدون سسٹمز کے بانی ہیں اور 100 سے زیادہ صنعتی،مالیاتی اور دفاع سے منسلک اداروںمیں پروجیکٹس کر چکے ہیں۔ ایک ہمہ جہت اور نابغہ روز گار شخصیت ہونے کے ناطے وطن عزیز میں وہ ایک نامور انجینئر، منتظم، ماہر تعلیم اور صنعتی ماہرکے طور پر منفرد مقام رکھتے ہیں۔

حکومت پاکستان نے سا ئنس اور ٹیکنالوجی اور تعلیم کے میدان میں انکی غیر معمولی خدما ت کے اعتراف میں 2012 میںانہیں تمغہ امتیاز سے نوازا۔اسلامیہ یونیورسٹی بہاول پور کے اساتذہ طلباء اور شہر کے تعلیمی وسماجی حلقوں نے ان کی بطوررئیس جامعہ تقرری کو یونیورسٹی اور علاقے کی تعلیمی ترقی کے لیے انتہائی خوش آئند قرار دیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں