پنجاب کے بعد بلوچستان میں قائم کردہ ریجنز کیلئے بھی پاکستان تحریک انصاف کی عہدیداران کا اعلان

بدھ 23 اکتوبر 2019 23:59

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2019ء) پنجاب کے بعد بلوچستان میں قائم کردہ ریجنز کیلئے بھی پاکستان تحریک انصاف کی تنظیمی عہدیداران کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی نے وزیراعظم کی مشاورت سے تقرریوں کے نوٹیفکیشنز جاری کرتے ہوئے بلوچستان کی ریجنل گورننگ باڈیز کے تمام عہدیداران کو مبارکباد پیش کی ہے۔

سیف اللہ خان نیازی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں پاکستان تحریک انصاف کو متحرک اور مضبوط بنانے کیلئے 4 ریجنز ترتیب دیئے گئے ہیں جس سے بلوچستان کے عوام کو بہتر انداز میں منظم کرنے میں مدد ملے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان کی تعمیر و ترقی کیلئے تحریک انصاف اپنا بھرپور سیاسی و انتظامی کردار استعمال کرے گی۔

(جاری ہے)

کارکنان اہم اثاثہ ہیں، آگے بڑھیں اور گورننگ باڈی کے ساتھ مل کر سیاسی اہداف کے حصول کیلئے اپنی توانائیاں صرف کریں۔

انہوں نے کہا کہ وہ نومقرر شدہ تنظیمی ذمہ داران کی کامیابی کیلئے دعاگو ہیں۔ مرکزی میڈیا ڈیپارٹمنٹ کے اعلامیہ کے مطابق چیف آرگنائزر سیف اللہ خان نیازی کی جانب سے جاری 21 اکتوبر کو جاری کردہ نوٹیفکیشنز کے ذریعے بلوچستان کو وزیراعظم عمران خان کی منظوری سے تنظیمی طور پر 4 ریجنز یعنی شمال مغربی، جنوب مغربی، شمال مشرقی اور جنوب مشرقی ریجنز میں تقسیم کیا گیا ہے جن کی گورننگ باڈیز کا اعلان کیا جا رہا ہے۔

چیف آرگنائزر سیف اللہ خان کے نوٹیفکیشن کے مطابق شمال مغربی بلوچستان کیلئے ڈاکٹر منیر بلوچ کو صدر جبکہ عبدالباری بڑیچ کو جنرل سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے۔ اسی طرح جنوب مغربی بلوچستان میں وارث دشتی صدر جبکہ امان اللہ نوتازئی جنرل سیکرٹری ہوں گے۔ شمال مشرقی بلوچستان کیلئے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں صدارت نواب خان دمڑ کے سپرد کی گئی ہے جبکہ عطاء اللہ کلپر اس ریجن کے جنرل سیکرٹری ہوں گے۔ اسی طرح جنوب مشرقی ریجن میں میر تاج محمد رند کو صدر جبکہ شوکت بنگلزئی کو جنرل سیکرٹری مقرر کیا گیا ہے۔ مزید یہ کہ سالارخان، آزاد بنگلزئی، چراغ رحیم اور آصف ترین بالترتیب شمال مشرقی، جنوب مشرقی، جنوب مغربی اور شمال مغربی ریجنز کے سیکرٹری اطلاعات ہوں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں