افغان ٹریڈ ٹرانزٹ روٹ کراچی تا چمن اورازاخیل ڈرائی پورٹ کیلئے الگ الگ مال گاڑی سروس جلد شروع کی جائے گی، وزارت ریلوے

جمعرات 12 دسمبر 2019 20:06

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2019ء) وزارت ریلوے نے بتایا ہے کہ افغان ٹریڈ ٹرانزٹ روٹ کراچی تا چمن اورازاخیل ڈرائی پورٹ کیلئے الگ الگ مال گاڑی سروس جلد شروع کی جائے گی، اس وقت ریلوے کی مال گاڑیوں کے ذریعے 4 فیصد سامان کی نقل و حرکت ہو رہی ہے۔ ریلوے کے سینئر حکام سینٹ کی قائمہ کمیٹی ریلوے کو بریفنگ دے رہے تھے۔

کمیٹی کا اجلاس پارلیمنٹ ہائوس میں جمعرات کو منعقد ہوا جس کی صدارت کمیٹی کے چیئرمین محمد اسد علی خان نے کی جبکہ سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی، سردار محمد شفیق ترین، لیاقت خان ترکئی، مرزا محمد آفریدی، بریگیڈیئر (ر) جوہن کینتھ نے اجلاس میں شرکت کی۔ کمیٹی نے اپنے گذشتہ 2 اجلاس میں دی جانے والی سفارشات پر عملدرآمد کا جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

کمیٹی کو بتایا گیا کہ نومبر اور دسمبر میں ٹرینوں کا کوئی بڑا حادثہ نہیں ہوا تاہم چھوٹے چھوٹے واقعات ہوئے ہیں۔

مال گاڑیوں کے معاملہ پر چیئرمین کمیٹی نے ریلوے حکام کو ہدایات دیں کہ مال گاڑیوں کی سروس کے اجراء کیلئے کوششیں تیز کی جائیں۔ کمیٹی نے ریلوے کے بجٹ اور اخراجات کا جائزہ لیا اور ٹی اے ڈی اے کے انتہائی زیادہ نرخ ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے ریلوے حکام نے آئندہ اجلاس میں ٹی اے ڈی کی تفصیلات مانگ لی ہیں۔ کمیٹی نے تیز گام حادثہ کے معاملہ کا جائزہ لیا جس میں کمیٹی کو 8 تبلیغی جماعت کے لاپتہ افراد کے حوالے آگاہ کیا، اس فہرست کی تبلیغی جماعت کی مجلس شوریٰ نے بھی تصدیق کی ہے جس کے بعد کسی بھی قسم کے شکوک و شبہات ختم ہو چکے ہیں۔

کمیٹی کو بتایا گیا کہ وزارت ریلوے کو تیز گام حادثہ کی رپورٹ موصول ہو چکی ہے جس کا جائزہ لیا جارہا ہے، یہ عمل مکمل ہونے کے بعد یہ رپورٹ کمیٹی کے روبروپیش کی جائے گی، یہ رپورٹ تین یوم قبل وزارت ریلوے کو موصول ہوئی تھیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں