مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پرامن راہیں تلاش کرنے کی ضرورت ہے،راجہ فہیم کیانی

کشمیر پر سمندر پار کشمیری وپاکستانی برادری کا کردار قابل تحسین ہے،محمد حسین خطیب کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر وپاکستان کے اجلاس میں اظہار خیال

جمعرات 20 فروری 2020 22:55

ٰاسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 فروری2020ء) تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر راجہ فہیم کیانی نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے پرامن راہیں تلاش کرنے کی ضرورت ہے،کشمیریوں کی اصل قیادت کل جماعتی حریت کانفرنس ہے اور ہم اس بات پر فخر کرتے ہیں کہ ہم حریت کانفرنس کی قیادت میں کشمیر کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرسکے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر وپاکستان شاخ کے جنرل سیکرٹری محمد حسین خطیب کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں کیا۔

اجلاس میں کشمیر کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں محمد فاروق رحمانی،الطاف حسین وانی،شمیمہ شال،ایڈووکیٹ پرویز احمد،شیخ عبدالمتین،عبدالمجید میر،خادم حسین،نذیر احمد کرنائی،عبدالمجید ملک،مشتاق احمد بٹ،زاہد اندرابی،داؤد خان یوسفزئی،غلام محی الدین ڈار ،بشیر عثمانی،عاطف بخاری اور امتیاز اقبال نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر راجہ فہیم کیانی نے کہا کہ میں اس خیال کا حامی ہوں کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے حوالے سے صرف پرامن رہیں تلاش کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی اصل قیادت کل جماعتی حریت کانفرنس ہے اور ہم اس بات پر فخر کرتے ہیں کہ ہم حریت کانفرنس کی قیادت میں کشمیر کے حوالے سے اپنا کردار ادا کرسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم ہر بین الاقوامی فورم پر مسئلہ کشمیر اجاگر کرنے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت بے نقاب کرنے میں اپنے بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔اس موقع پرکل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری محمد حسین خطیب نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے راجہ فہیم کیانی اور سمندر پار کشمیری وپاکستانی برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا کردار قابل تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری ایک اہم مقصد کیلئے قربانیاں دے رہے ہیں اور ان قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔اس موقع پر جموں کشمیر سالویشن موومنٹ کے صدر الطاف احمد بٹ نے کہا کہ کشمیریوں نے حق خودارادیت کے حصول کیلئے بیش بہا قربانیاں دیں اور دے رہے ہیں۔بھارت تمام تر وسائل کو بروئے کار لانے کے باوجود کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں ناکام رہا ہے۔بھارت کو چاہئے کہ وہ زمینی حقائق کو تسلی کرتے ہوئے ایسے حالات پیدا کرے جسے مسئلہ کشمیر پر امن طریقے سے حل ہوسکے۔اس موقع پر قائدین حریت نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بڑھتی ہوئے ریاستی دہشتگردی اور انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں