بھارت دنیا کے ہر فورم پر بے نقاب ہو چکا ہے،عبدالرشید ترابی

مودی کے خطرناک عزائم کو ناکام بنایا جائے اور کشمیریوں کو ان کا حق دلایا جائے ،تارکین وطن کی بے پناہ کاوشوں کے نتیجے میں آج پوری دنیا کی پارلیمنٹس میں مسئلہ کشمیر زیر بحث ہے اور ہندوستان کے جنگی جرائم بے نقاب کیے جارہے ہیں،گفتگو

ہفتہ 16 جنوری 2021 20:03

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2021ء) کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ ہندوستان دنیا کے ہر فورم پر بے نقاب ہو چکا ہے ،اب پارلیمنٹس کی بجائے حکومتیں دوٹوک موقف اختیار کریں تا کہ مودی کے خطرناک عزائم کو ناکام بنایا جائے اور کشمیریوں کو ان کا حق دلایا جائے ،تارکین وطن کی بے پناہ کاوشوں کے نتیجے میں آج پوری دنیا کی پارلیمنٹس میں مسئلہ کشمیر زیر بحث ہے اور ہندوستان کے جنگی جرائم بے نقاب کیے جارہے ہیں ان خیالات کااظہار انہوں نے تحریک کشمیر یورپ کے صدر محمد غالب ،تحریک کشمیر برطانیہ کے صدر فہیم کیانی سمیت دیگر کشمیری قائدین سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ فہیم کیانی ،محمد غالب سمیت دیگر کشمیری مسلسل مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کی جدوجہد کررہے ہیں اور یہ اس کا نتیجہ ہے پارلیمنٹ کے اندر مسئلہ کشمیر زیر بحث ہے انہوں نے کہاکہ ممبر پارلیمنٹ ناز شاہ اور دیگر ممبران نے جس طریقے سے برطانیہ کی پارلیمنٹ کے اندر ہندوستان کو بے نقاب کیا ہے وہ قابل تحسین ہے تارکین وطن کی اس ساری جدوجہد کو مزید مربوط کرنے کی ضرورت ہے ہندوستان نے یورپ کے اندر پاکستان کو بدنام کرنے کے لیے جو جعلی این جی اوز اور ان کے ذریعے سوشل میڈیا ،ویب سائٹس سے پاکستان کو بدنام کیا جارہا تھا وہ بے نقاب ہوئی ہیں یہ بھی مثبت پیش رفت ہے حکومت ان سارے موافق حالات سے استفادہ کرتے ہوئے جارحانہ سفارتی مہم منظم کرے نریندرمودی بری طرح پوری دنیا میں بے نقاب ہو چکا ہے ہندوستان کے اندر مسلمانوں سمیت دیگر اقلیتوں کے ساتھ جو سلوک کیا جارہا ہے اس سے ہندوستان انجام کی طرف بڑھ رہا ہے کشمیرکی آزادی ہندوستان کی کئی ریاستوں کی آزادی کا عنوان بنے گی ہندوستان کے اندر آزادی کی تحریکیں شروع ہیں مودی ہندو توا سوچ کے ساتھ سارے لوگوں کو جبراً ہندو بنانے کی سازش کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہو چکا ہے ان حالات میں بیس کیمپ کی حکومت اور اسلام آباد سے ٹھوس پالیسی اور جامع حکمت عملی کے تحت آگے بڑھا جائے تو کشمیرکی آزادی کی منزل حاصل کی جاسکتی ہے دنیا کی ساری انسانی حقوق کی تنظیمیں رپورٹس پیش کررہی ہیں کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر کے اندر بدترین انسانی حقوق کی پامالیوں میں ملوث ہے ہندوستان کے خلاف مداخلت کا بہترین وقت ہے پاکستان سلامتی کونسل میں قرارداد منظور کروا کر ہندوستان کے خلاف مداخلت کروائے تا کہ کشمیر آزاد ہوسکے ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں