اتحاد اُمت، داد مشترک اور قدر مشترک کا جذبہ ہی عظمت آزادی اور وقار کا راستہ ہے،لیاقت بلوچ

امریکہ،یورپ اورعالمِ اسلام میں سیکولر قوتیں اسلام اورمسلمانوں کے خلاف ہرنوعیت کی تخریب کاری اوردہشت گردی پرمتفق، متحد اورپُرجوش ہیں،مغربی تہذیب ہر اعتبار سے فعال پذیر ہے اوردُنیا بھر کے انسانوں کے لئے دین فطرت اسلام ہی بحرانوں سے نجات کا ضامن ہے،نائب امیر جماعت اسلامی

ہفتہ 31 جولائی 2021 22:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2021ء) نائب امیر جماعت اسلامی ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا کہ امریکہ،یورپ اورعالمِ اسلام میں سیکولر قوتیں اسلام اورمسلمانوں کے خلاف ہرنوعیت کی تخریب کاری اوردہشت گردی پرمتفق، متحد اورپُرجوش ہیں۔مغربی تہذیب ہر اعتبار سے فعال پذیر ہے اوردُنیا بھر کے انسانوں کے لئے دین فطرت اسلام ہی بحرانوں سے نجات کا ضامن ہے۔

مغربی تہذیب اورسودی سرمایہ دارانہ نظام نے بدترین استحصال اور انسانوں کی تقسیم در تقسیم کی مستقل تفریق کے ساتھ مذہبی اور نسلی تعصب مسلط کر دیا ہے۔اتحاد اُمت، داد مشترک اور قدر مشترک کا جذبہ ہی عظمت آزادی اور وقار کا راستہ ہے۔ جماعت اسلامی کی شادباغ میں عید ملن تقریب اور جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی مرکزی سیاسی انتخابی کمیٹی کے آن لائن زوم لنک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ خواتین پاکستان کی آبادی، سیاسی سماجی محاذ کا اہم ترین اورفعال ترین حصہ ہیں۔

(جاری ہے)

74 سال سے فوجی آمریتوں،سیکولر جماعتوں، انٹرنیشنل این جی اوز اور ناکام نااہل حکومتوں نے خواتین کا سب سے زیادہ استحصال کیا ہے۔ جاگیردارانہ، سرمایہ دارانہ، مفاد پرستانہ نظام نے عورت سے حقوق چھینے ہیں۔ جماعت اسلامی سیاسی، آئینی، پارلیمانی جدوجہد کے ذریعے خواتین کے تمام جائز انسانی حقوق کی حفاظت چاہتی ہے۔ آئندہ کنٹونمنٹس، بلدیات اور عام انتخابات میں خواتین جماعت اسلامی نظریاتی،عوامی اور انقلابی جدوجہد کا ہراول دستہ بنیں گی۔

خواتین میں ا سلام، پاکستان اور نئی نسل کے مستقبل کی حفاظت کا جذبہ بڑی طاقت ہے، کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے علاوہ شہروں، دیہاتوں میں خواتین، معصوم بچوں کے ساتھ درندگی، وحشیانہ وارداتیں معاشرتی سماجی زوال اور ریاستی نظام کی ناکامی کا مُنہ بولتا ثبوت ہے۔لیاقت بلوچ نے عید مِلن تقریب میں کارکنان سے کہا کہ میدان عمل تیار ہے، عوام سے وسیع ملک گیر رابطہ بڑا چیلنج ہے۔

جماعت اسلامی کے کارکنان تحریک پاکستان، تحریک نظام مصطفیٰ، تحریک تحفظ ختم نبوت کے جذبوں کا احیاء کریں گے اور ووٹرز کو ترازو نشان پر ووٹ دینے کے لئے قائل کریں گے۔ فوجی حکومتوں، پی پی پی اور مسلم لیگ کی ناکامیوں اور نااہلیوں کے تسلسل کو برقرار رکھ کر پی ٹی آئی حکومت بھی روایتی اور فرسودہ نااہل حکومت کا روپ دھار چکی ہے۔ دھاندلی اور ریاستی طاقت سے انتخابات جیتنا ہر طالع آزما کا آمرانہ حربہ رہا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں