فائزر کووڈ 19 ویکسین 5 سے 11 سال کے بچوں کیلئے محفوظ اور مؤثر قرار

پیر 20 ستمبر 2021 21:17

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2021ء) فائزر کے چیئرمین اور سی ای او البرٹ بورلا نے کہا ہے کہ فائزر/بائیو این ٹیک کی تیار کردہ کووڈ 19 ویکسین 5 سے 11 سال کے بچوں کے لیے محفوظ اور بیماری سے بچانے کے لیے مؤثر ہے۔ایک بیان میں فائزر کے چیئرمین اور سی ای او البرٹ بورلا نے کہا کہ ہم بچوں کو ویکسین سے تحفظ فراہم کرنے کے خواہشمند ہیں اور اس کیلئے ریگولیٹری منظوری کا انتظار ہے، بالخصوص اس وقت جب کورونا کی قسم ڈیلٹا بچوں میں تیزی سے پھیل رہی ہے اور ان کے لیے خطرہ بنی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ جولائی سے امریکا میں بچوں میں کووڈ 19 کیسز کی شرح میں 240 فیصد اضافہ ہوا ہے، جس سے ویکسینیشن کی ضرورت سامنے آتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فائزر کی جانب سے 5 سے 11 سال کے 2268 بچوں کو ٹرائل کا حصہ بنایا گیا تھا،ان بچوں کو فائزر ویکسین کی 2 خوراکیں استعمال کرائی گئی مگر ان کی مقدار 12 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کے مقابلے میں کم رکھی گئی تھی۔

(جاری ہے)

کمپنی نے بتایا کہ ٹرائل میں 5 سے 11 سال کی عمر کے بچوں میں ویکسین محفوظ، قابل برداشت ثابت ہوئی جبکہ اس سے وائرس ناکارہ بنانے والا ٹھوس اینٹی باڈی ردعمل بھی بنا۔فائزر اور بائیو این ٹیک کی جانب سے یہ ڈیٹا اب یو ایس فوڈ اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن (ایف ڈی ای)، یورپین میڈیسین ایجنسی اور دیگر ریگولیٹرز سے شیئر کیا جائے گا اور امریکا میں ایمرجنسی استعمال کی منظوری کی درخواست بھی جمع کرائی جائے گی۔

ایف ڈی اے نے فائزر ویکسین کو پہلے ہی 16 سال یا اس سے زائد عمر کے افراد کے لیے مکمل منظوری دی ہوئی ہے جبکہ 12 سے 15 سال کے لیے ایمرجنسی منظوری حاصل کی گئی ہے۔فائزر کے چیئرمین نے کہا کہ ٹرائل کے نتائج، 5 سے 11 سال کی عمر کے بچوں کی ویکسینیشن کی منظوری کے لیے ٹھوس بنیاد ہے اور ہم جلد ہی ریگولیٹرز سے منظوری کے لیے رجوع کریں گے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں