پاکستان میں کیوی پھل کی کاشت کے پہلے فارم کا آغاز

بدھ 22 ستمبر 2021 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 ستمبر2021ء) اعلیٰ غذائیت اور طبی اقدار کی بدولت جانے والے کیو ی پھل کے اسلام آباد میں پہلی مرتبہ سو سے زائد پودے لگائے گئے ہیں جن کامقصد ملک کے بھر کے کسانوں کو اس قابل قدر پھل کو کاشت کرنے اور اپنے لئے نقد آمدنی کا ذریعہ بنانے کی طرف توجہ مبذول کروانا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا ہے۔

زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ نے پیر مہر علی شاہ بارانی یونیورسٹی کے تعاون سے زرعی بینک کے فارم سے اس منصوبے کا آغاز کیا اور اس موقع پر زرعی بینک کے صدر پیر مہر علی شاہ بارانی یونیورسٹی کے وائس چانسلر دونوں اداروں کے سربراہان اور زرعی ماہرین نے شرکت کی۔اس موقع پر زرعی ترقیاتی بینک کے صدر محمد شہباز جمیل نے کہا کہ اس نہایت اہمیت کے حامل فروٹ کی کاشت سے متعلق لاعلمی اور بوائی کے سامان کی عدم دستیابی کی وجہ سے کسان اس کی افادیت سے دور ہیں اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان میں یہ پھل نہیں اگایا جاسکا۔

(جاری ہے)

ہم نے کیوی پھل کی بوائی کے پروجیکٹ کا آغاز کر دیا ہے اور ثابت کیا ہے کہ یہ پھل پاکستان میں بھی اگایا جا سکتا ہے اور اس کے لئے زرعی بینک اور پیر مہر علی شاہ بارانی یونیورسٹی کے زرعی ماہرین کسانو ں کی معاونت اور راہنمائی کے لئے موجود ہونگے۔زرعی بینک کے صدر نے مزید کہا کہ یہی درست وقت ہے کہ ہم اپنے کسانوں کو جدید سائنسی ٹیکنالوجی سے آ گاہ کریں ان کی مالی معاونت کے ساتھ جدید زرعی ٹیکنالوجی سے لیس کریں تاکہ ہم دوسرے ممالک پر زرعی اشیاء کے حوالے سے کم انحصار کریں۔

انہوں نے مزید واضع کیا کہ زرعی بینک کے فارم ہاؤس کو تربیتی مرکز میں تبدیل کر دیا جائے گا جس کا مقصد طلباء اور کسانوں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی اور زرعی طریقہ کار سے متعلق آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ زرعی پیداوار میں اضافہ کرنا ہے۔ پیر مہر علی شاہ بارانی یونیورسٹی کے وائس چانسلرڈاکٹر قمر زمان نے اس موقع پر کہا کہ اس نہایت اہم غذائیت اور طبی اقدار کے حامل پھل نے دنیا بھر میں اسے استعمال کرنے وال لوگوں کی توجہ اپنی طرف مبذول کروائی ہے۔

اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کیوی فروٹ کی کاشت کو اٹک، چکوال مارگلہ کے پہاڑی علاقے اور اس کے بعد ملک کے دیگر علاقوں تک تجارتی مقاصد کے لئے پھیلایا جائے گا چونکہ یہ بوائی کے لئے بہت موزوں ہے۔اسد اللہ حبیب ہیڈ ریسرچ اینڈ پلاننگ ڈویژن ZTBL نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زرعی بینک وزیر اعظم پاکستان کے ویژن -’’ پلانٹ فارم پاکستان ‘‘ میں بھر پور کردار ادا کر رہا ہے اور کیوی پلانٹیشن پروجیکٹ اسی کا حصہ ہے۔

یہی وجہ ہے کہ زرعی ترقیاتی بینک نے ملک بھر میں 15000 سے زائد درخت لگائے ہیں ۔ انہوں مزید کہا کہ زرعی ترقیاتی بینک دیر زرعی یونیورسٹیوں کے ساتھ رابطے میں ہے کہ جو درخت اور پھلدار پودے پاکستان میں دستیاب نہیں انہیں بھی متعارف کروایا جائے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں