تعلیم زندگی میں کامیابی اور روشن مستقبل کیلئے انتہائی ضروری ہے، آئی جی اسلام آباد

نوجوان نسل کی کاوشیں قوم کی خوشحالی کو یقینی بناتی ہیں،آپ نے محنت اور لگن سے نمایاں پوزیشن حاصل کرکے اپنے والدین کا نام روشن کیا جو مبارکباد کے مستحق ہیں،اس میں اساتذہ کا بھی بڑا کلیدی کردار ہے،پولیس ملازمین کے بچوں کی حوصلہ افزائی کیلئے انعامات اور تعریفی اسناد کی تقسیم کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 16 اکتوبر 2021 22:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2021ء) تعلیم زندگی میں کامیابی اور روشن مستقبل کیلئے انتہائی ضروری ہے، نوجوان نسل کی کاوشیں قوم کی خوشحالی کو یقینی بناتی ہیں،آپ نے محنت اور لگن سے نمایاں پوزیشن حاصل کرکے اپنے والدین کا نام روشن کیا جو مبارکباد کے مستحق ہیں تاہم اس میں اساتذہ کا بھی بڑا کلیدی کردار ہے، یہ باتیں آئی جی اسلام آباد نے امتحانات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس ملازمین کے بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے انعامات اور تعریفی اسناد تقسیم کرتے ہوئے کہیں۔

تفصیلات اسلام آباد پولیس ملازمین کے مختلف کلاسز میں نمایاں پوزیشنز اور نمبرز لینے والے 37 بچوں کی حوصلہ فزائی کے سلسلے میں پولیس لائن ہیڈکواٹرز میں تقریب منعقد کی ۔

(جاری ہے)

تقریب کے مہمان خصوصی انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد قاضی جمیل الرحمان نے اسلام آباد پولیس ملازمین کے مختلف کلاسز میں نمایاں پوزیشنز اور نمبرز لینے والے 37 بچوں کوحوصلہ افزائی کرتے ہوئے تعریفی اسناد اور انعامات تقسیم کیے،اس موقع پر ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز کامران عادل، اے آئی جی اسٹیبلشمنٹ نوید عاطف، اے آئی جی جنرل عرفان طارق،ایس پی ہیڈ کوارٹرز محمد عمر خان کے علاوہ بچوں اور ان کے والدین پولیس ملازمین بھی موجود تھے، آئی جی اسلام آباد نے تقریب سے سے خطاب کے دوران کہا کہ معیاری تعلیم حاصل کرنا ہر بندے کا بنیادی حق ہے محکمہ پولیس نے اپنے ملازمین کی ویلفئیر اور بچوں کو معیاری تعلیم کے حصول کے لئے مختلف نامور تعلیمی اداروں کے ساتھ معاہدے بھی کررکھے ہیں تاکہ پولیس ملازمین کے بچے سستی اور معیاری تعلیم حاصل کر سکیں یقین جانیں یہ سب دیکھ کر بہت خوشی ہوئی آج میں اپنی فورس کے ان ملازمین کے ہونہار بچوں سے ملاقات کررہا ہوں جنہوں نے مختلف کلاسز میں بہترین نمبرز اور نمایاں پوزیشنز حاصل کیں،انہوں نے بچوں سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ امتحانات میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے میں آپ کے ساتھ ساتھ آپ کے والدین اور اساتذہ کا کردار بھی نہایت اہم ہے، ان کے لئے اس سے بڑی اعزاز کی بات کوئی نہیں ہوسکتی آپ کے بچے زندگی کے ہر میدان میں کامیاب ہوں تو اور آپ کے لئے اس سے بڑی کامیابی اور کوئی نہیں ہوسکتی جس پر میں آپ سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں،جس طرح اس کامیابی سے آپ کے والدین کا سر فخر سے بلند ہوا ہے اسی طرح محکمہ پولیس اپنے ان ملازمین پر بھی فخر ہے،انہوں نے مزید کہا کہ چونکہ لمبی ڈیوٹیز کی وجہ سے آپ کے والد ین کو آپ کے لئے بہت کم وقت ملتا ہے اس کے باوجود اتنے بہترین نمبرز حاصل کرنا نہایت قابل تحسین ہے، جس کا کریڈٹ آپ کے والدین اور اساتذہ کو جاتا ہے جن کی محنت نے آپ کی کامیابی کو ممکن بنایا، انہوں نے مزید کہاکہ بہتر مستقبل کے لئے آپ کی سوچ بھی بڑی اور مثبت ہونی چاہئے تبھی آپ اپنی زندگی میں اعلیٰ مقام حاصل کر سکتے ہیں۔

اس ملاقات کا مقصد آپ کو یہ بتانا ہے کہ ہم سب ایک فیملی کی طرح ہیں،محکمہ پولیس آپ کی اس کامیابی پر آپ کی خوشیوں میں شریک ہے،آخر میں آئی جی اسلام آباد نے تمام بچوں کو تعریفی سرٹیفیکٹ اور انعامات دئیے اور ان پولیس افسروں و جوانوں کو مبارکباد پیش کی جن کے بچوں نے دن رات کی محنت کی بدولت اپنے والدین کا سر فخر سے بلند کیا ایسی تقریبات سے ناصرف پولیس ملازمین کے بچوں کی حوصلہ افزائی ہوگی بلکہ پولیس ملازمین کا مورال بلند ہوگا ۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں