مفاہمت کس سے کریں ؟سامنے والے کے ہاتھ جیب میں ہیں،سینیٹر عرفان صدیقی کا سینیٹ میں اظہار خیال

تحریک انصاف محمود اچکزئی سے ہاتھ ملاسکتی ہے تو ہمارے ساتھ کیوں نہیں بیٹھتے؟،میں یہ نہیں کہتا کہ ہمارے ساتھ زیادتی ہوئی تو دوسروں کے ساتھ بھی ہوتی رہے،لیگی سینیٹر

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 26 اپریل 2024 16:37

اسلا م آباد(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26 اپریل2024 ء) مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ مفاہمت کس سے کریں ؟سامنے والے کے ہاتھ جیب میں ہیں،تحریک انصاف محمود اچکزئی سے ہاتھ ملاسکتی ہے تو ہمارے ساتھ کیوں نہیں بیٹھتے؟،میں یہ نہیں کہتا کہ ہمارے ساتھ زیادتی ہوئی تو دوسروں کے ساتھ بھی ہوتی رہے۔ چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت سینیٹ کے اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم فارم 45 اور فارم 47 میں الجھے ہوئے ہیں، وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کیسے بیانات دئیے جا رہے ہیں؟ایسے بیانات سے مزید انتشار پھیلے گا ۔

سیاسی درجہ حرارت کو کم کرنا ہوگا تاکہ ملکی ترقی کیلئے سب ایک میزپر بیٹھیں اور پاکستان کے مسائل کیلئے سنجیدہ کوششیں کریں۔

(جاری ہے)

سینیٹ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلزپارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ آصف زرداری نے جو کہا اس پر عمل کرنا چاہیے، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ قربانی ضرور دی ہے لیکن ملک کے وقار کو نیچا نہیں دکھایا۔صدر مملکت آصف زرداری نے سب کو دعوت دی ہے، انہوں نے تحریک انصاف، مسلم لیگ (ق)، بلوچستان عوامی پارٹی یا کسی ایک جماعت نہیں بلکہ تمام جماعتوں کو دعوت دی ہے، آصف زرداری نے کہا کہ یہ سب کی ذمہ داری ہے۔

قبل ازیں قومی اسمبلی کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خالد لوند نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ ایوان میں کیوں نہیں آتے۔خالد لوند نے کہا کہ گھوٹکی میں دو روز قبل بھی پولیس اہلکار شہید ہوئے، وزیر داخلہ کو ایوان میں بلایا جائے۔سپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن ارکان سے کہا کہ اجلاس کے بعد ارکان چیمبر آئیں وزیر داخلہ سے ملاقات کرا دوں گا، ارکان اپنے تحفظات وزیر داخلہ کے سامنے رکھیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں